کنگنا رنوت کو’وائی‘ زمرے کی سکیورٹی ملے گی
نئی دہلی : فلم اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے میں غیرجانب دارانہ جانچ کا مطالبہ و ممبئی پولیس اور بالی ووڈ ہستیوں پر متنازعہ تبصرہ کر کے سرخیوں میں چھائیں اداکارہ کنگنا رنوت پر خطرے کی صورت حال کے اندازے کے بعد مرکز نے پیر کو انہیں’وائی‘زمرے کی سیکیورٹی مہیا کرنے کا فیصلہ کیا۔
وائی زمرے کی سیکیورٹی کے تحت کنگنا رنوت ممبئی میں رہائش کے دوران دوکمانڈو اور 11 سیکیورٹی اہلکار کے گھیرے میں رہیں گی۔
کنگنا نے اس کے لیے مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کے تئیں اظہارتشکر کیا ہے۔انہوں نے ٹویٹ کر کے کہا،’’کوئی بھی فاشسٹ حب الوطنی کی آواز کو کچلنے کے قابل نہیں ہوگا،یہ اس بات کا ثبوت ہے۔میں امت شاہ جی کی شکرگزار ہوں،جنہوں نے ہندوستان کی ایک بیٹی کے لفظوں کو،میری عزت نفس کا احترام کیا۔
موصولہ معلومات کے مطابق مرکزی ریزرو پولیس فورس(سی آر پی ایف)کو ابھی تک اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے حکم نہیں ملا ہے لیکن وہ جلد ہی اداکارہ کو دیے جانے والےسیکیورٹی انتظام کا ابتدائی جائزہ لے گی۔