مودی نے جموں و کشمیر کے ہزاروں نوجوانوں کو تقرری نامہ حوالے کیا
نئی دہلی، اکتوبر۔وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر میں 20 مقامات پر 3000 نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں کے تقرری خط فراہم کیے ہیں اور ان سے کہا ہے کہ وہ مرکز کے زیر انتظام علاقے کو ترقی کی نئی بلندیوں پر لے جانے میں مدد کریں۔مسٹر مودی نے یہ باتیں اتوار کو جموں میں منعقدہ روزگار میلے میں ان نوجوانوں اور عوام سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے مرکز کے زیر انتظام علاقے کی ہمہ جہت ترقی کو تیز کرنے اور بدعنوان نظام کو تبدیل کرنے میں مسٹر سنہا اور ان کی ٹیم کے تعاون کی ستائش کی۔وزیر اعظم نے کہاکہ "آج کا دن جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے لیے بہت اہم ہے۔ جموں و کشمیر میں 20 مختلف مقامات پر تین ہزار نوجوانوں کو حکومت میں محکمہ تعمیرات عامہ، محکمہ صحت، محکمہ خوراک اور شہری سپلائی، حیوانات، جل شکتی، تعلیم و ثقافت جیسے مختلف محکموں میں خدمات انجام دینے کا موقع ملنے والا ہے۔ تقرری لیٹر حاصل کرنے والے تمام نوجوانوں کو بہت بہت مبارکباد اور اس جاب فیئر کے انعقاد کے لیے مسٹر منوج سنہا اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ آنے والے دنوں میں دیگر محکموں میں بھی 700 سے زائد اپائنٹمنٹ لیٹر دینے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں جن لوگوں کو اس کا فائدہ ملنے والا ہے اور انہیں بھی چند دنوں میں تقرری لیٹر حوالے کیا جائے گا۔ انہیں میں پیشگی مبارکباد دیتا ہوں۔مسٹر مودی نے کہاکہ ’’21ویں صدی کی یہ دہائی جموں و کشمیر کی تاریخ کی سب سے اہم دہائی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ پرانے چیلنجز کو پیچھے چھوڑا جائے اور نئے امکانات سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔ جموں و کشمیر کے نوجوان اپنی ریاست کی ترقی، جموں و کشمیر کے لوگوں کی ترقی کے لیے بڑی تعداد میں آگے آ رہے ہیں۔ یہ ہمارے نوجوان ہیں جو جموں و کشمیر میں ترقی کی نئی داستان لکھیں گے۔