کیا فنچ نے اپنے ہاتھوں سے بابر کیلئے کیک بنایا؟ پاکستانی کپتان کا ردعمل
میلبورن،اکتوبر۔پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنی سالگرہ پر آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کی جانب سے دیے گئے کیک کے تحفے پر ردعمل دیا ہے۔آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے آغاز سے پہلے 15 اکتوبر کو بابر اعظم نے اپنی 28 ویں سالگرہ منائی اور میلبرن میں کپتانوں کے فوٹوسیشن کی تقریب اور پریس کانفرنس میں آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ ، بابر کے لیے سالگرہ کا کیک لائے۔سوشل میڈیا پر کئی روز تک یہ خبریں زیر گردش رہیں کہ فنچ نے اپنے ہاتھوں سے بابر کے لیے کیک بنایا تاہم اب کپتان نے خود اس پر ردعمل دیا ہے۔میلبرن میں پاکستانی قونصیلٹ کے چیریٹی ڈنر میں شرکت کے موقع پر بابر اعظم نے کہا ‘مجھے نہیں معلوم کہ ایرون فنچ نے میری سالگرہ پر خود کیک بنایا تھا یا تحفہ دینے کے لیے خریدا تھا’۔بابر نے فنچ کی جانب سے اس عمل کو سراہا اور کہا ‘مجھے آسٹریلوی کپتان کا یہ انداز بہت اچھا لگا’۔