کیدارناتھ کے قریب ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، پائلٹ سمیت 7 افراد ہلاک
کیدارناتھ/دہرا دون، اکتوبر ۔ اتراکھنڈ کے رودرپریاگ ضلع میں بھگوان شیو کے پانچویں جیوترلنگ کیدارناتھ دھام کے درشن کے بعد چھ تیرتھ یاتریوں کو واپس لاتے وقت ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس میں پائلٹ سمیت سوار تمام سات افراد ہلاک ہوگئے۔ مرنے والے گجرات اور تمل ناڈو کے رہنے والے ہیں۔ تمام لاشیں نکالنے کے بعد بھی امدادی کام جاری ہے۔ریاست کے ایڈیشنل سکریٹری اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) سول ایوی ایشن (یوکاڑا) سی روی شنکر نے دہرادون میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ منگل کو کیدارناتھ سے گپت کاشی جا رہے آرین ایوی ایشن ہیلی کاپٹر کمپنی کے ہیلی کاپٹرکریش میں پائلٹ سمیت سات افراد کی ہلاکت کی خبر موصول ہوئی ہے۔ حادثہ منگل کی صبح تقریباً 11:40 بجے پیش آیا۔ مرنے والوں میں پائلٹ کیپٹن انیل (ممبئی کے رہنے والے) سمیت کل 7 مسافر تھے۔ انہوں نے بتایا کہ جائے واقعہ گاؤں دیو درشنی، تحصیل گروڑ چٹی ہے۔مسٹرروی شنکر نے بتایا کہ صبح 11:45 بجے کالرسونو بشت موبائیل نمبر 9536989844 کے ذریعہ ایمرجنسی آپریشن سینٹر، رودرپریاگ کو اطلاع دی گئی کہ دیو درشنی (گروڈ چٹی) کے قریب اچانک ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔ سیکٹر آفیسر ہیلی پیڈ کے مطابق مذکورہ واقعہ میں پائلٹ سمیت سات افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے ہیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی طرف سے ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف، وائی ایم ایف، ڈی ڈی آر ایف ٹیم اور پولیس ٹیم کو موقع پر روانہ کیا گیا۔ مذکورہ ٹیموں نے سات افراد کی لاشیں نکالی ہیں اور لاشوں کو کیدارناتھ دھام ہیلی پیڈ لے جایا گیا ہے۔دوسری جانب رودرپریاگ ڈیزاسٹر مینجمنٹ آفیسر نندن سنگھ نے بتایا کہ انل سنگھ، پائلٹ، عمر 57، ساکن ممبئی (مہاراشٹر)، پوروا رامانوج، عمر 26، رہائشی گجرات ، کروتی براڈ، عمر 30، گجرات، اوروی براڈ عمر 25 سال گجرات، سجاتا 56 تمل ناڈو، پریم کمار 63 تمل ناڈو اورکلا 60 تمل ناڈو کی موقع پر موت ہوگئی۔سی ای او یوکاڈا نے کہا کہ حادثے کی وجہ کی مکمل تفصیلات تحقیقات کے بعد ہی معلوم ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع افسرسطح پر انکوائری قائم کر دی گئی ہے۔ ایس ڈی آر ایف اور پولس ٹیم کی جانب سے موقع پر ریسکیو اور ریکوری آپریشن کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر اطلاعات کے ڈائریکٹر جنرل بنشیدھر تیواری بھی موجود تھے۔