تلنگانہ کے عوام، خود کو وزیراعلی کے خاندان کے چنگل سے آزاد کروانا چاہتے ہیں:کشن ریڈی
حیدرآباد۔ اکتوبر۔مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے کہا ہے کہ تلنگانہ کے حلقہ اسمبلی منوگوڑو کا ضمنی انتخاب اہم بن گیا ہے کیونکہ تلنگانہ کے عوام، خود کو وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے خاندان کے چنگل سے آزاد کروانا چاہتے ہیں۔کشن ریڈی نے کل شب منوگوڑو منڈل کے کستاپورم میں بی جے پی امیدوار راج گوپال ریڈی کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔انہوں نے رائے دہندوں سے خواہش کی کہ وہ زعفرانی جماعت کے امیدوار کو کامیاب بنائیں ۔انہوں نے عوام پر زوردیا کہ وہ کے چندرشیکھرراو کے خاندان کو مسترد کردیں جو آمرانہ طرز پر تلنگانہ میں حکومت چلارہا ہے اوربڑے پیمانہ پر رشوت خوری میں ملوث ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ وزیراعلی نے عوام سے لوٹی ہوئی دولت سے طیارہ کی خریداری کی۔انہوں نے الزام لگایا کہ ٹی آرایس کی اعلی قیادت، ریت، اراضی اور شراب کے گھپلوں میں ملوث ہے۔انہوں نے تین برسوں کے دوران فارم ہوز سے باہر نہ آنے کا وزیراعلی پر الزام لگایا اور کہاکہ عوام کو ریاست بھر میں شدید مشکلات کاسامنا ہے۔انہوں نے اس عزم کااظہار کیا کہ بی جے پی، چندرشیکھرراو خاندان کی رشوت خوری کی حکمرانی سے تلنگانہ ریاست کو چھٹکارا دلائے گی۔بی جے پی کے رکن راجیہ سبھا لکشمن نے اس ضمنی انتخاب کو چندرشیکھرراو خاندان اور تلنگانہ کی عزت نفس کے درمیان جنگ سے تعبیر کیا۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی دور میں یوپی میں 50لاکھ مکانات کی تعمیر کی گئی ہے۔انہوں نے ٹی آرایس لیڈروں سے سوال کیا کہ تلنگانہ میں کتنے مکانات کی تعمیر کی گئی ہے۔انہوں نے منوگوڑو کی ذمہ داری قبول کرنے وزیر تارک راماراو کے اعلان پر کہاکہ وزیرموصوف اتنے نااہل ہیں کہ وہ اپنے خود کے حلقہ پر مناسب طورپرتوجہ نہیں دے سکتے۔