صدر جمہوریہ ہند نے حکومت آسام اور سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں، پیٹرولیم اور قدرتی گیس اور ریلوے کی مرکزی وزارتوں کے مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح کیا/ سنگ بنیاد رکھا
نئی دہلی، اکتوبر۔صدر جمہوریہ ہند، محترمہ دروپدی مرمو نے آج (14 اکتوبر 2022) سریمنت شنکردیو کلکشیتر ، گوہاٹی سے حکومت آسام اور سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں، پیٹرولیم اور قدرتی گیس اور ریلوے کی مرکزی وزارتوں کے مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح کیا/ سنگ بنیاد رکھا۔ان میں موئناربند، سلچر میں انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ کے ریل ہیڈ ڈپو اور دو ہائی وے پروجیکٹوں کا افتتاح، آسام کے چائے کے باغ والے علاقوں میں 100 ماڈل سیکنڈری اسکولوں،3000 ماڈل آنگن واڑی مراکز، دو ہائی وے پروجیکٹوں اور اگٹوری، گوہاٹی میں جدید کارگو-کم-کوچنگ ٹرمینل کے لیے سنگ بنیاد رکھنا شامل ہیں۔ صدر جمہوریہ نے گوہاٹی سے لمڈنگ پاس تک شوخووی (ناگالینڈ) اور منڈی پاتھر (میگھالیہ) تک ٹرین کو بھی ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے آج لانچ کئے جانے والے صحت، تعلیم، ریلوے، سڑکوں کی تعمیر، پٹرولیم اور خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق پروجیکٹوں کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان اسکیموں کے کامیاب نفاذ سے کاروبار اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور آسام سمیت پورے شمال مشرقی خطے میں نقل و حمل کی سہولیات میں اضافہ ہوگا اور اقتصادی استحکام حاصل ہوگا۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ بہتر انفراسٹرکچر کسی بھی ریاست کی ترقی کی بنیاد ہوتا ہے۔ شمال مشرقی خطہ ہندوستان کی ’ایکٹ ایسٹ پالیسی‘ کا مرکز ہے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ مرکزی حکومت اس خطے میں بنیادی ڈھانچے اور کنکٹی وٹی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسام کی ترقی پورے شمال مشرقی خطے کی ترقی کا انجن ثابت ہو سکتی ہے۔محترمہ مرمو نے کہا کہ شمال مشرقی خطہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی کل خام تیل کی پیداوار میں آسام کا حصہ 13 فیصد ہے۔ ہندوستان کی کل قدرتی گیس کی پیداوار کا 15 فیصد شمال مشرقی علاقے سے آتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر اعتماد ظاہر کیا کہ آج موئناربند میں جس جدید ترین ڈپو کا فتتاح کیا گیا ہے، اس سے جو پوری وادی براک کے ساتھ ساتھ تریپورہ، منی پور اور میزورم کی پٹرولیم پروڈکٹ کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ مرکزی حکومت آسام سمیت تمام شمال مشرقی ریاستوں میں سڑک اور ریلوے کنکٹی وٹی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سڑک اور ریلوے سے متعلق مختلف پروجیکٹ جن کا سنگ بنیاد رکھا گیا/افتتاح کیا گیا اس سے خطے میں تجارت اور نقل و حمل میں اضافے کے ساتھ ساتھ سیاحت کے مواقع بھی بڑھیں گے۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ خواتین اور بچوں کی حفاظت اور ہمہ گیر ترقی ایک مہذب معاشرے کی نشانی ہے۔ آسام میں خواتین اور بچوں کے لیے مختلف خدمات کو مزید تقویت دینے کے لیے آج شروع کیے گئے 3000 ماڈل آنگن واڑی مراکز ایک قابل ستائش اقدام ہیں۔ انہوں نے چائے باغ کے مزدوروں کے بچوں کو بہتر تعلیم فراہم کرنے کے مقصد سے 100 ماڈل سیکنڈری اسکولوں کا سنگ بنیاد رکھنے پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔