’مشن نرامیا مہم‘ کا یوگی 8اکتوبر کو کریں گے آغاز
لکھنؤ:اکتوبر۔ اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ ریاست کے نرسنگ اور پیرامیڈیکل طلبہ کو بہتر سے بہتر پلیسمنٹ دلانے، کرئیر کاونسلنگ، اور طلبہ کو ان کی خواہش کے مطابق کرئیر کا موقع فراہم کرنے کے مقصد سے ’مشن نرامیا ‘ کا آغاز 8اکتوبر کو ایس جی پی جی آئی کے کنونشن سنٹر میں کریں گے۔اس موقع پر نائب وزیر اعلی برجیش پاٹھک اور میڈیکل کے مملکتی وزیر مینکیشور شرن سنگھ بھی موجود رہیں گے۔ نرسنگ کے طلبہ کے لئے عملی علم کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے ’مشن نرامیا مہم‘ کے دوران مستقبل کی ضرورتوں کے پیش نظر نرسنگ اور پیرامیڈیکل ٹریننگ میں وسیع تر تبدیلی پر زور دیا جائے گا۔اس مہم کے تحت نرسنگ اور پیرا میڈیکل اداروں کے انفرااسٹرکچر،ضرورت کے بقدر ٹیچر، ٹیچروں کے آدھار کی تصدیق وغیرہ پر فوکس کیا جائے گا۔ وہیں امتحانات میں امتحان نگراں دوسرے اداروں کے ہوں، امتحانات کی سی سی ٹی وی سے نگرانی ہو، اس پر بھی غوروخوض کیا جائے گا۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کا کہنا ہے کہ ریاست کے کئی ادارے اچھا کام کررہے ہیں۔ ان میں پرائیویٹ شعبے کے ادارے بھی شامل ہیں۔یوگی نے ان اداروں کی اعلی طریقہ کار کے بہتر حصوں کو دیگر اداروں میں بھی نافذ کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اس کے لئے مینٹار۔ مینٹی ماڈل کو اپنایا جائے گا۔ اس کے لئے پختہ ایکشن پلان تیار کیا جائے گا۔ مہم میں بہتر ٹریننگ کے ساتھ ساتھ بہتر سروس پر زور دیا جائے گا۔ اس کے لئے پرائیویٹ شعبے کے معتبر اسپتالوں سے رابطہ کر کے پالیسی طے کرنے کی سمت میں ایکشن پلان بنایا جائے گا۔ کیونکہ نرسنگ کی ٹریننگ لے رہے نوجوانوں کے لئے عملی علم بہت ضروری ہے۔