مرمو، مودی اور شاہ نے کانپور حادثہ پر تعزیت کا اظہارکیا

نئی دہلی، اکتوبر۔ صدر دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ہفتہ کو اتر پردیش کے کانپور میں سڑک حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے تئیں تعزیت کااظہارکیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی ہے۔صدر مرمو نے ٹویٹ کیا، ’’کانپور میں سڑک حادثے میں بہت سے لوگوں کی موت کی خبر سے بہت دکھ ہوا ہے۔ اس حادثے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے میری گہری تعزیت ہے۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتا ہوں۔”وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹویٹ کیا، "کانپور میں ٹریکٹر ٹرالی کے حادثے سے دکھی ہوں۔ میں ان تمام لوگوں کے ساتھ تعزیت کرتا ہوں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ زخمیوں کے لیے دعا۔ مقامی انتظامیہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے۔ایک اور ٹویٹ میں، مسٹرمودی نے وزیر اعظم کے ریلیف فنڈ سے مہلوکین کے لواحقین کو 2-2 لاکھ روپے اور شدید زخمیوں کو 50،000 روپے امداد کا اعلان کیاوزیر داخلہ امت شاہ نے ٹویٹر پر لکھا، "کانپور، اتر پردیش میں سڑک حادثہ انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا ہے۔ مقامی انتظامیہ زخمیوں کو علاج کی فراہمی میں مصروف ہے۔ اس حادثہ میں جن لوگوں نے اپنے پایروں کو کھویا ہے ان کے اس ناقابل تلافی نقصان پر تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ خدا ان کے اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔”وزیر دفاع نے ٹویٹ کیا، "اتر پردیش کے کانپور ضلع میں سڑک حادثہ دل دہلا دینے والا ہے۔ میں ان لوگوں کے خاندانوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں جنہوں نے اس میں اپنی جانیں گنوائی ہیں اور ساتھ ہی حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کرتا ہوں۔ مقامی انتظامیہ ہر ممکن مدد میں مصروف ہے۔غور طلب ہے کہ کانپور کے کورتھا گاؤں کے عقیدت مند ٹریکٹر ٹرالی سے فتح پور ضلع کے چندریکا دیوی مندر گئے تھے۔ ٹرالی میں تقریباً 40 افراد سوار تھے۔ دیر شام مندر میں دیوی کے درشن کے بعد واپس آتے ہوئے ساڑھ اور گمبھیر پور گاؤں کے درمیان سڑک کے کنارے ایک تالاب میں ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہو کر الٹ گئی جس میں 25 افراد ہلاک اور 12 لوگ زخمی ہو گئے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی مرنے والوں کے لواحقین کو 2-2 لاکھ روپے اور شدید زخمیوں کو 50،000 روپے چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔

Related Articles