کووڈ۔19:یوپی میں کورونا وائرس کے 5776نئے معاملے

لکھنؤ: اترپردیش میں گذشتہ 24گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 5776مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ریاست میں مصدقہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 247101ہوگئی جبکہ ٹیسٹنگ میں صوبے نے 60لاکھ کے ہندسے کو عبور کرکے نئے سنگ میل کو قائم کیا ہے۔وہیں 75نئی اموات کے ساتھ مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 3691ہوگئی ہے۔
اڈیشنل چیف سکریٹری (صحت)امت موہن پرساد نے کہا کہ ریاست میں اس وقت ایکٹیو مریضوں کی تعداد 57598 ہے جبکہ آج شفایاب ہونے والے 4448مریضوں کو ملا کر ریاست میں ریکوری ہونے والے افراد کی تعداد 185812 ہوگئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ منگل کو 136803نمونوں کی جانچ کی گئی۔
ہیلتھ افسر نے بتایا کہ 29588پازیٹیو مریض ہوم آئیسولیشن میں ہیں جو کہ مجموعی ایکٹیو مریضوں کی نصف تعداد ہے۔ابھی تک 111453مریض ہوم آئیسولیٹ کئے گئے ہیں جن میں سے 81865مریض شفایاب ہوچکے ہیں۔علاوہ ازیں 2558مریض پرائیویٹ اسپتال،255سیمی پیڈا ہوٹل اور بقیہ سرکاری اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
مسٹر پرساد نے لاک ڈاؤن کے دوران محروم رہ جانے والے بچوں کو ٹیکہ لگوانے کی عوام سے اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ریکارڈ ہے کہ بہت سارے بچے ایسے ہیں جن کو لاک ڈاؤن کی وجہ سے ٹیکے نہیں لگ سکے ہیں۔یہ کافی ضروری ہے کہ بچوں کو متعینہ وقت کے اندر ٹیکے لگائے جائیں۔تاکہ انہیں متعدد بیماریوں سے دور رکھا جاسکے اور ان کی بہتر نشوونما ہوسکے۔

Related Articles