جوکووچ تیسرے راؤنڈ میں ، ٹاپ سیڈ پلسکووا باہر

نیو یارک،سربیا کے اسٹار کھلاڑی نوواک جوکووچ سال 2020 میں اپنی فاتحانہ مہم جاری رکھتے ہوئے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے تیسرے مرحلے میں آسان فتح کے ساتھ داخل ہوگئے ہیں۔سرب سپر اسٹار کو پہلے سیٹ میں بھلے ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہو لیکن پھر انہوں نے برطانیہ کے کائل ایڈمنڈ سے یک طرفہ انداز میں 6-7 (5/7) ، 6-3، 6-4، 6-2 سے کامیابی حاصل کی۔ راجر فیڈرر اور رافیل نڈال کی عدم موجودگی میں جوکووچ اس سال خطاب کے سب سے مضبوط گرینڈ سلیم امیدوار ہیں۔ 33 سالہ عالمی نمبر ایک جوکووچ 17 ٹائٹلز کے ساتھ سب سے زیادہ سنگل گرانڈ سلیم جیتنے والوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ جبکہ اسپین کے رافیل نڈال (19) دوسرے اور سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر (20) پہلے نمبر پر ہیں۔
خواتین کے زمرے میں ٹاپ سیڈ کیرولینا پلسکوا دوسرے راؤنڈ سے آگے نہیں بڑھ سکیں۔ پلسکوا کا سفر دوسرے راؤنڈ میں اختتام کو پہنچا ۔دوسرے سیٹ میں ان کے دو سیٹ پوائنٹس تھے لیکن وہ ان سے فائدہ اٹھا نہیں سکیں۔ فرانس کی کیرولن گارسیا نے انہیں 6-1 ، 7-6 (2) سے شکست دی۔ دریں اثنا 2018 کی چمپیئن نومی اوساکا کو کمیلا جیورگی کے خلاف 6-1 ، 6-2 سے جیتنے میں کوئی پریشانی نہیں ہوئی ، لیکن 2016 کی چمپیئن انجلک کربر نے انا لینا فریڈسم کے خلاف کورٹ میں ایک گھنٹہ اور 40 منٹ میں میچ 6-3، 7-6 (6) جیتا۔
چھٹی سیڈ پیٹرا کویتوفا نے کترینہ کوزلووا کو 7-6 (3)، 6-2 سے ہرا کر تیسرا راؤنڈ میں داخلہ حاصل کیا۔ مردوں کے زمرے میں چوتھی پوزیشن والی اسٹیفناس سیسیپاس نے 168 ویں نمبر پر موجود امریکہ کے میکسم کرسی کو 7-6 (2) ، 6-3، 6-4 سے شکست دے کر تیسرے مرحلے میں پیشقدمی کی ۔ پانچویں سیڈ جرمنی کے الیگزینڈر زویریو نے ٹائی بریکر میں اپنا دوسرا سیٹ ہارنے کے بعد امریکی وائلڈ کارڈ انٹری برانڈن نکاشیما کو 7-5 ، 6-7 (8) ، 6-3، 6-1 سے شکست دی۔ انہوں نے اپنے 19 سالہ حریف کو اپنی تیز سروس سے شکست دی۔
ساتویں سیڈ بیلجیئم کے ڈیوڈ گوفن نے جنوبی افریقہ کے لائیڈ ہیرس کو 7-6 (6) ، 4-6، 6-1، 6-4 سے شکست دی جبکہ کینیڈا کے 12 ویں سیڈ ڈینس شاپوولوف نے جنوبی کوریا کے کوون سو وو کو 6-7 (5) ، 6-4 ، 6-4 ، 6-2 سے شکست دی۔ پلسکووا کے علاوہ خواتین کے زمرے میں بھی کچھ اور خلل پڑا۔ امریکہ کی ان سیڈ انا لی اور شیلبی راجرز نے دو سیڈڈ کھلاڑیوں کو باہر کا راستہ دکھایا۔
لی نے 13 ویں سیڈ ایلیسن رسکے کو 6-0 ، 6–3 سے شکست دی جبکہ راجرز نے 11 ویں سیڈ ایلینا رائباکینا کو 7-5 ، 6-1 سے شکست دی۔ جمہوریہ چیک کے 12 ویں سیڈ مارکیٹا کیوانڈرسووا بھی 65 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں الیگزینڈرا ساسانوچ کے خلاف 6-1 ، 6-2 سے ہارکر باہر ہوگئیں ۔ دوسرے سیٹ میں یوکرائن کی 30 ویں سیڈ کرسٹینا مالڈینووچ کے چار میچ پوائنٹس تھے لیکن وہ ان سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں اور بالآخر روس کی ورورا گریچیوفا سے 1-6، 7-6 (2)، 6-0 سے ہار گئیں۔
گارسیا کا مقابلہ تیسرے راؤنڈ میں جینیفر بریڈی سے ہوگا جنہوں نے ہم وطن سیسی بیلس کو دوسرے راؤنڈ کے دوسرے راؤنڈ میں 6-1 ، 6-2 سے شکست دے کر تیسرے راؤنڈ میں داخلہ پایا ۔
دوسرے رائونڈ کے دیگر میچوں میں کروشیا کے بورنا کوریک، جرمنی جان لینارڈ اسٹروف، کینیڈا کے ڈینس شاپووالو، امریکہ کے ٹیلر ہیری فریٹز، سربیا کے فلپ کریجینوویک، کروشیا کے بورنا کوریک، آسٹریلیا کے جارڈن تھامپسن اور انگلینڈ کے کیمرون نوری نے کامیابی حاصل کرلی۔

 

Related Articles