مسافر کاروں پر چھ ایئر بیگ لگانا لازمی ہوگا: گڈکری

نئی دہلی، ستمبر۔سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے وزیر نتن گڈکری نے کہا ہے کہ سڑک پر مسافروں کی حفاظت کے لیے ایم-1 کلاس کی کاروں کے لیے ایئر بیگ لگانا لازمی قرار دیا جائے گا۔سلسلہ وار ٹویٹس میں مسٹرگڈکری نے کہا کہ تمام قیمتوں اور تمام قسم کی موٹر گاڑیوں میں سفر کرنے والے مسافروں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر اگلے سال یکم اکتوبر سے ایم-1 کلاس مسافر کاروں پر ایئر بیگ لگانا لازمی کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آٹو انڈسٹری کو درپیش عالمی سپلائی چین بحران اورمائیکرو اکنامک منظر نامے کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام مسافر کاروں، ایم-1 کلاس کاروں پر کم از کم 6 ایئر بیگز کو لازمی قرار دینے کی تجویز پر اکتوبر2023 سے عمل کیا جائے۔مسٹرگڈکری کا کہنا ہے کہ اس سے قبل، پیچھے سے لگنے والی ٹکر کی صورت میں موٹر گاڑی کے مسافروں کی حفاظت کو بڑھانے کے لیے سنٹرل موٹر وہیکل رولز، 1989 میں ترمیم کرکے حفاظتی اقدامات کو بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں 14 جنوری کو ایک مسودہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، جس میں آئندہ یکم اکتوبر کے بعد تیار ہونے والی تمام ایم -1 کلاس گاڑیوں کے اندر دونوں طرف اور دوسائیڈ سے کھلنے والے ایئربیگ فٹ کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔ ان میں سے آگے کی سیٹوں پر سامنے منہ کرکے بیٹھنے والے مسافروں کے لئے ایئر بیگز اور پیچھے کی سیٹوں پربیٹھنے والے مسافروں کی حفاظت کے لئے گاڑی کے اندر دونوں جانب سے کھلنے والے پردے اورٹیوب نما ایئربیگ لگائے جانے کی تجویز تھی۔

Related Articles