موٹو وولٹ نے اربن ای بائیک متعارف کرائی
نئی دہلی، ستمبر۔ملک میں تیزی سے بڑھتے ہوئے الیکٹرک گاڑیوں کے بازار میں موٹو وولٹ نے اپنی نئی اربن ای-بائیک کو مارکیٹ میں لانے کا اعلان کیا ہے۔ اربن ای بائک ایک ہی چارج پر 120 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر سکتی ہے۔ جو کہ دیگر ای بائیکس کے مقابلے بہت زیادہ ہے۔اربن ای بائک کی نقاب کشائی لوک سبھا کے رکن پرویش صاحب سنگھ ورما اور کمپنی کے بانی اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) تشار چودھری نے یہاں موٹو وولٹ موبلٹی پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعہ منعقدہ ایک تقریب میں کی۔اربن کی ابتدائی قیمت 49,999 روپے ہے جسے 999 روپے میں بک کیا جا سکتا ہے۔ صارفین موٹو وولٹ کی ویب سائٹ اور ای ایم آئی آپشن کے ساتھ 100 سے زائد اسٹورز سے بھی ای بائیک خرید سکتے ہیں۔ اربن میں 16اے ایچ اور 20اے ایچ بیٹریاں (جنیں ہٹایا بھی جاسکتا ہے) ہیں جو 36 وی ہیں۔ بیٹری کو مکمل چارج ہونے میں تقریباً چار گھنٹے لگتے ہیں۔ چالیس کلو گرام وزنی اس ای بائیک کی زیادہ سے زیادہ رفتار 25 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ ہینڈل لاک اور دیگر خصوصیات اربن میں اسٹارٹ بٹن کے ساتھ دی گئی ہیں۔ شہری ای بائک کو بغیر رجسٹریشن اور لائسنس کے چلایا جا سکتا ہے۔مسٹر ورما نے کہا ’’حکومت ملک میں الیکٹرک وہیکلز (ای وی) کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ ہم نے ان گاڑیوں کی خریداری کے لیے مختلف منصوبوں اور اقدامات کے ساتھ پروڈکشن سے متعلق ترغیبی اسکیمیں شروع کی ہیں۔ موٹو وولٹ جیسی نئی کمپنیوں کی جانب سے ایسی مصنوعات کو مارکیٹ میں لانا قابل تعریف ہے۔ وقت کا تقاضا یہ ہے کہ اخراج سے پاک، مناسب قیمت اور نیکسٹ جنریشن کے لیے آسانی سے سفر کرنے کے لیے ایک محفوظ ٹرانسپورٹ آپشن ہے۔انہوں نے کہا ’’اربن کی نقاب کشائی سے ایک نئے جوش کا تجربہ ہورہا ہے۔ میں وعدہ کرتا ہوں کہ میں آنے والے پارلیمنٹ کے اجلاس کے پہلے دن اربن سے جاؤں گا۔ ہمارے تمام ممبران پارلیمنٹ کو الیکٹرک گاڑیوں کے ذریعے پارلیمنٹ جانا چاہیے جیسا کہ آسٹریلیا کے وزیر اعظم جاتے ہیں۔ اس اقدام سے ماحول کو بہت فائدہ پہنچے گا اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ملک میں مرکزی اور ریاستی حکومتیں ای گاڑیوں کو فروغ دینے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہیں۔ عوامی ای گاڑیوں کے لیے چارجنگ اسٹیشن اور بیٹری سویپنگ اسٹیشن قائم کیے جا رہے ہیں، جو یقینی طور پر گاڑیوں کے شعبے میں برقی گاڑیوں کے آنے والے دور کی نشان دہی کر رہے ہیں۔یہاں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر چودھری نے کہا کہ اربن دیگر ای بائک سے بہت مختلف ہے جسے خاص طور پر نوجوانوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ عالمی مارکیٹ کے لیے مقامی طور پر ڈیزائن اور تیار کیا گیا ہے۔ اس کی آرام دہ سیٹ کو تھکے بغیر طویل سفر کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اربن اپنی حریف ای بائک سے پرکشش ، مختلف، جدید اور خاص ہے۔