ہڈرز فیلڈ میں اسکول کے باہر چاقو کے وار سے 15 سالہ لڑکا قتل
لندن ،ستمبر ۔ ہڈرز فیلڈ میں ایک سکول کے باہر 15 سالہ لڑکے کو چاقو کے وار کر کے ہلاک کر دیا گیا، جس کے بعد پولیس نے مرڈر انویسٹی گیشن شروع کر دی ہے۔ اس نوجوان پر بدھ کی سہ پہر نارتھ ہڈرز فیلڈ ٹرسٹ سکول کے داخلی دروازے کے قریب حملہ کیا گیا تھا۔ ویسٹ یارکشائر پولیس کا کہنا ہے کہ اسے مقامی وقت 14:54 بی ایس ٹی پر جائے وقوع پر طلب کیا گیا تھا، لڑکے کو شدید زخمی حالت میں لیڈز جنرل انفرمری لے جایا گیا تھا، جہاں تھوڑی دیر بعد وہ دم توڑ گیا۔ ڈیٹکٹیو سپریٹنڈنٹ مارک بووز نے اس قتل کو ایک نوجوان کی زندگی کا بالکل بے معنی نقصان قرار دیا۔ اس سکول، جس کے رول پر 900 طلبہ ہیں، اس وقت دن کا اختتام کرنے والا تھا، جب یہ افسوس ناک واقعہ فارٹائون میں وڈہائوس ہل پر پیش آیا۔ اس کے فوری بعد سکول ڈرائیو کے بالکل باہر اوپر کی جانب جانے والے علاقے کا محاصرہ کر لیا گیا تھا، جو بدستور قائم ہے۔ پولیس نے کہا کہ فرانزک ایگزامینیشن اور سپیشلسٹ سرچ کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈیٹیکٹو ڈپٹی سپریٹنڈنٹ مارک بووز نے کہا کہ ہم اس واقعے کے اردگرد کے حالات کا تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس کیلئے مکمل انکوائری کی جائے گی۔ اس واقعے میں ایک نوجوان کی زندگی بلاوجہ ضائع ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ اندوہناک واقعہ کمیونٹی کیلئے صدمے اور تشویش کا سبب ہوگا تاہم ہم اس علاقے کے رہائشیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ اضافی پولیس کو تعینات کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پہلے ہی اس واقعے کے متعدد گواہوں کی شناخت کر لی ہے لیکن پھر بھی اگر کسی کے پاس اس واقعے کے حوالے سے کوئی معلومات ہیں، جو انویسٹی گیشن میں ہماری معاونت کر سکیں تو ہم اس کو بھی سننا چاہیں گے۔ اس لئے ہم ایسے افراد سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پولیس سے رابطہ کریں۔