معیاری کپڑے بنانے میں جاپان کے ساتھ معاہدے کو منظوری
نئی دہلی،مرکزی کابینہ نے اعلیٰ معیار کے کپڑے اور ملبوسات بنانے میں تعاون کرنے کے لیے جاپان کے ساتھ ایک معاہدے کو منظوری دی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں بدھ کے روز یہاں ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں اس تجویز کو منظوری دی گئی۔
میٹنگ کے بعد اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر پرکاش جاؤڈیکر نے یہاں پریس کانفرنس میں بتایا کہ جاپانی بازار کے لیے ہندوستانی کپڑوں اور ملبوسات کی معیار اور ٹریننگ کو بہتر کرنے کے لیے مرکزی کابینیہ نے ٹیکسٹائل کمیٹی اور جاپان کے میسرس نیسینکین کوالٹی ایویلیوشن سینٹر کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط کیے جانے کو منظوری دے دی ہے۔
یہ معاہدہ میسرس نیسینکین کوالٹی ایویلیوشن سینٹر کو کپڑا اور ملبوسات کی پیداوار کے لیے ہندوستان میں اپنے کوآپریٹیو ٹریننگ اور نگراں خدمات فراہم کرنے والے کے بطور ٹیکسٹائل کمیٹی کو منظوری دینے کے لیے اتھارٹی بنائے گا۔ ان کپڑا اور ملبوسات پیداوار میں ٹیکنیکل کپڑے کے ساتھ ساتھ ایسی کوئی دیگر پیداوار بھی شامل ہو سکے گی جن پر گھریلو اور غیر ملکی گاہکوں اور خریدار دونوں کے لیے بعد میں باہمی اتفاق رائے ظاہر کیا جائے گا۔