ماہی پروری کے شعبہ کی ترقی وزیر اعظم کی سوچ کے مطابق ہوگی: روپالا

نئی دہلی، ستمبر۔ماہی پروری کے مرکزی وزیر پرشوتم روپالا نے ہفتہ کو کہا کہ ان کا محکمہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ویژن کے مطابق ماہی گیری کے شعبے کی ترقی کے لئے مسلسل کوشش کر رہا ہے اور مقررہ اہداف کو یقینی طور پر حاصل کیا جائے گا۔پردھان منتری متسیا سمپدا یوجنا (پی ایم ایس وائی) کے دو سال مکمل ہونے کے موقع پر یہاں منعقد ایک پروگرام میں مسٹر روپالا نے کہا کہ ملک میں ماہی گیری، ماہی پروری کی مارکیٹنگ وغیرہ میں نمایاں ترقی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماہی گیری کے شعبے نے بھی ہندوستان کو دنیا کی پانچویں بڑی معیشت بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ حکومت نے 2025 تک ہندوستان میں سالانہ 20 ملین ٹن مچھلی پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس شعبے کی ترقی کے لیے بجٹ میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے ماہی گیری کے شعبے کا سالانہ بجٹ صرف 600-700 کروڑ روپے تک محدود تھا جو اب بڑھ کر 20 ہزار کروڑ ہو گیا ہے۔ یہ اس حقیقت کا عکاس ہے کہ حکومت اور ان کا محکمہ ماہی پروری کے شعبے کی ترقی کے لیے سنجیدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان دور دراز سمندری علاقوں میں ماہی گیری کے لیے بہتر اقدامات کی حوصلہ افزائی کرے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا وژن ہے کہ ملک ماہی گیری کا ‘ہب’ بن جائے۔ اس کے لیے مسلسل کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماہی پروری کے شعبے کی ترقی اس طرح کی جانی چاہیے کہ مچھلی کی پیداوار بڑھے، اس کی کھپت بڑھے، اس کی برآمدات میں اضافہ ہو لیکن ساتھ ہی اس بات کو بھی ذہن میں رکھنا ہو گا کہ مچھلی کے بیج کی وافر دستیابی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اس کے معیار کا بھی بہت خیال رکھنا ہوگا۔میں فش سیڈ کے معیار پر مسلسل زور دے رہا ہوں اور اس پر مزید کام کیا جائے گا۔

 

Related Articles