مودی کسی کامیابی کی گذشتہ کڑیوں کو فراموش کردیتے ہیں: کانگریس
نئی دہلی، ستمبر۔کانگریس نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کسی کام میں کامیابی میں گذشتہ کڑیوں کو بھول جاتے ہیں اور اس کی تکمیل کی خوشی کو اپنا عزم پورا ہونے کے طور پر تشہیر کرنے لگتے ہیں۔کانگریس کے ترجمان جے رام رمیش نے کہا کہ وزیر اعظم نے آئی این ایس وکرانت کے افتتاح کے موقع پرجو کچھ بھی کہا، وہ ہمارے لیے یقیناً فخر کی بات ہے، لیکن اگر وہ کہتے ہیں کہ یہ کامیابی 2014 کے بعد کے کاموں کے نتیجے میں حاصل ہوئی ہے تو یہ یقیناً غلط ہے۔انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی کو سمجھنا چاہئے کہ ترقی ایک مسلسل عمل کا نتیجہ ہے۔ یہ آئی این ایس وکرانت بھی اسی طرح کے عمل کا ایک حصہ ہے اور اس طیارہ بردار بحری جہاز کی تعمیر کا عمل 22 سال قبل شروع ہوا تھا۔ ہمارے انجینئرز، ٹیکنیشنز، ایگزیکٹیواہلکار اور ملازمین نے اس پروجیکٹ کو مکمل کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔مسٹرجے رام رمیش نے کہا کہ اس کا افتتاح مسٹر مودی نے کیا، لیکن وہ اکیلے اس طیارہ بردار جہاز کی تخلیق کا کریڈٹ نہیں لے سکتے ہیں۔ اس کامیابی میں کئی حکومتوں نے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ اس کی شروعات واجپائی حکومت نے کی اور پھر منموہن حکومت نے اسے آگے بڑھایا اور پھر مودی حکومت نے بھی اس کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کیا۔