مشرقی لداخ کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے مرکزی وزیر دفاع راجناتھ کی میٹنگ

نئی دہلی،مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے مشرقی لداخ میں لائن آف ایکچول کنٹرول (ایل اے سی) کے سلسلے میں حالیہ سرگرمیوں کے پیش نظر یہاں ایک اعلی سطح کی میٹنگ میں موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔

ذرائع کے مطابق مسٹر راجناتھ سنگھ نے لائن آف ایکچول کنٹرول کی تازہ صورتحال پر آرمی چیف اور قومی سلامتی سے وابستہ عہدیداروں سے بات چیت کی اور آئندہ کے منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اس میٹنگ میں آرمی چیف جنرل منوج مِکونڈ نارونے نے 29 اور 30 ​​اگست کی درمیانی شب پیگانگ جھیل کے جنوبی کنارے پر چینی فوج کی سرگرمیوں سے وزیر دفاع کو آگاہ کیا۔

وزارت دفاع نے پیر کے روز ایک بیان جاری کرکے کہا تھا کہ چینی فوجی دستوں نے پھر سے مشرقی لداخ میں مذموم حرکت کی اور 29 اور 30 ​​اگست کی درمیانی شب دونوں ممالک کے مابین معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جوں کی توں صورتحال کو تبدیل کرنے کی کوشش کی، جس کا ہندوستانی فوجی دستے نے منہ توڑ جواب دیا ہے۔

آرمی چیف نے انہیں چین کے ساتھ اس معاملے میں کمانڈر سطح پر ہونے والی بات چیت سے بھی مطلع کیا۔

واضح رہے کہ تازہ ترین پیشرفت کی وجہ سے، دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تین مہینے سے بھی زائد عرصہ سے جاری تعطل کے مزید طول پکڑنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے کیونکہ اس سے سرحدی کشیدگی پھر سے بڑھ گئی ہے اور دونوں ممالک کی فوج سرحد پر اپنی موجودگی بڑھانے میں مصروف ہے۔

 

Related Articles