مودی ‘ویر بالک اسمارک کا افتتاح کریں گے
گاندھی نگر، اگست۔وزیر اعظم نریندر مودی 28 اگست کو گجرات میں کچھ کے انجار میں ‘ویر بالک اسمارک’ کا افتتاح کریں گے۔حکومتی ذرائع کے مطابق 26 جنوری 2001 کو کچھ اور گجرات سمیت پورا ملک یوم جمہوریہ کی خوشیاں منارہاتھا لیکن ہولناک زلزلے کی تباہ کاریوں نے حب الوطنی کے ماحول میں رنگے ضلع کچھ کے انجار شہر میں خوشیوں کے ماحول کو ماتم میں تبدیل کردیاتھا۔ یوم جمہوریہ کے موقع پر ہاتھوں میں ترنگا لئے ایک ریلی میں شامل ہونے جارہے انجار کے 185 اسکولی بچے اور 20 اساتذہ زلزلے سے منہدم ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے دب گئے تھے۔ اس واقعے سے پوری دنیا حیران رہ گئی تھی۔گجرات کے اس وقت کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی نے ان بچوں کی یاد میں ایک یادگار بنانے کا اعلان کیا تھا۔ اب یہ یادگار انجار شہر کے مضافات میں مکمل ہو چکی ہے اور اتوار 28 اگست کو مسٹر مودی اس کا افتتاح کرنے والے ہیں۔ اس یادگار کے تعمیراتی کام کو وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل کی رہنمائی میں حتمی شکل دی گئی ہے۔ یادگار کے افتتاح کے موقع پر ہلاک ہونے والے بچوں کے خاندان کے 100 افراد کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔مرنے والے بچوں کے لیے وقف یہ میوزیم پانچ محکموں پر مشتمل ہے۔ پہلے حصے میں فوت شدہ بچوں کی تصاویر اور ماضی کی یادیں پیش کی گئی ہیں۔ اس کے بعد ڈیسٹرکشن ڈپارٹمنٹ میں آویزاں ملبے میں مردہ بچوں کی یادگاریں اور ان کی نقلیں پیش کی گئی ہیں۔یہاں سے آگے جانے پر زلزلے کا تجربہ کرانے والا ایک خصوصی چیمبر بنایا گیا ہے۔ یہاں سمیولیٹر اور اسکرین پر ویڈیوکے ساتھ زلزلے کااحساس کرایاجائے گا۔ اس کے علاوہ شعبہ علمیات میں زلزلے کا عمل، اس کی سائنسی وجوہات اور دیگر ضروری معلومات شامل کی گئی ہیں۔ اختتامی گیلری میں زائرین سے زلزلے کے تجربات کے بارے میں سوالات پوچھے گئے ہیں۔یادگار میں بچوں کے نام اور خراج عقیدت کے لیے لائٹ ہاؤس میوزیم کے باہر میموریل بنایا گیا ہے۔ یہاں زلزلے کا نشانہ بننے والے معصوم بچوں اور اساتذہ کے نام ان کی تصاویر کے ساتھ دیوار پر لکھے گئے ہیں۔ ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یہاں ایک طاقتور مینار لگایا گیا ہے جس سے پھوٹنے والی روشنی پورے انجار شہر میں نظر آئے گی۔