کیجریوال حکومت نے 39 اسکیموں پر کوئی پیسہ خرچ نہیں کیا: بی جے پی

نئی دہلی، اگست۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ہفتہ کو دہلی حکومت پر ترقیاتی فنڈ خرچ کرنے میں ناکام ہونے کا الزام لگایا اور کہا کہ دہلی میں 39 اسکیموں پر ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کیا گیا۔
بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ دہلی حکومت ترقیاتی فنڈ کا استعمال کرنے میں ناکام رہی، جس کی وجہ سے یہ لیپس ہوگئی۔ انہوں نے کہاکہ سی اے جی کی رپورٹ کے مطابق 2019-20 تک چار سال کی مدت میں دہلی کے قرض میں سات فیصد اضافہ ہوا ہے۔ دہلی میں 39 اسکیمیں صرف کاغذ پر ہیں۔ ان اسکیموں پر کوئی رقم خرچ نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ سی اے جی کی رپورٹ وزیراعلی اروند کیجریوال کے دہلی کے لوگوں کو 10 لاکھ نوکریاں فراہم کرنے کے دعوے کی تردید کرتی ہے۔ آر ٹی آئی کے جواب میں صرف 3,246 کو نوکریاں دینے کی بات کہی گئی۔ ایک اور آر ٹی آئی میں پتہ چلا کہ صرف 849 لوگوں کو نوکریاں دی گئی ہیں۔شراب پالیسی پر دہلی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں مسٹر کیجریوال اور نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کا کردار ہے، جنہوں نے شراب مافیا کے دوستوں کو 144 کروڑ روپے کے فنڈ کا فائدہ پہنچایا۔مسٹر پاترا نے الزام لگایا کہ دہلی کابینہ نے سب سے پہلے ایکسائز پالیسی کے تحت سب کچھ پاس کروایا اور پھر اسے واپس لے لیا گیا کیونکہ وہ جانتے تھے کہ ان سے غلطی ہوئی ہے۔

Related Articles