مودی حکومت کے جھوٹے کلچر سے ملک تنگ آچکا ہے: کانگریس
نئی دہلی، اگست۔کانگریس نے جمعہ کو کہا کہ مودی حکومت نے ملک کو جھوٹ کے کلچر میں دھکیل دیا ہے اور اس نے 2022 تک عوام سے جو کام کرنے کا وعدہ کیا تھا ان میں سے کوئی بھی پورا نہیں ہوا۔کانگریس کے ترجمان گورو ولبھ نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اس حکومت نے عوام سے 2022 تک ہر غریب کو گھر فراہم کرنے، کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے، احمد آباد-ممبئی کے درمیان بلٹ ٹرین چلانے جیسے کئی وعدے کیے تھے لیکن ان میں سے ایک بھی وعدہ پورا نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ ملک کے لوگوں کو کانگریس حکومت کی طرف سے کورونا کے دور میں بنائی گئی فوڈ سیکورٹی جیسی پالیسی کا فائدہ ہوا اور مودی حکومت اس قانون کی وجہ سے غریبوں کو مفت راشن فراہم کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ اسی طرح کانگریس کی قیادت والی حکومت نے غریب خاندانوں کو 100 دن کی ملازمت کی ضمانت دینے والا قانون پاس کیا تھا اور اس منریگا قانون نے ملک کے لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائی ہے۔ترجمان نے کہا کہ اب آزادی کے 75 سال منانے میں صرف دو دن رہ گئے ہیں۔ لگتا ہے وزیراعظم اس دن بہت اداس ہوں گے۔ اس اداسی کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ مسٹر مودی کا خواب تھا کہ 2022 میں جب ملک یوم آزادی منا رہا ہو تو ہر ہندوستانی کے پاس گھر ہوگا۔ وزیر اعظم کا خواب تھا کہ 2022 میں کسانوں کی آمدنی دوگنی ہو جائے گی، وہ بھی نہیں ہوا، 2022 میں احمد آباد اور ممبئی کے درمیان بلٹ ٹرین چلانے کا وزیر اعظم کا خواب بھی پورا نہیں ہو سکا۔ وہ یہ سب حالات دیکھ کر بہت دکھی ہوں گے۔انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ پچھلے پانچ سالوں میں پبلک سیکٹر کے بینکوں کے پانچ لاکھ 80 ہزار کروڑ روپے ڈوبے، اس پر پارلیمنٹ میں کب بحث ہوگی اور وزیر خزانہ اس بارے میں وائٹ پیپر کب لے کر آئیں گے۔ بینکوں کی اس ڈوبی ہوئی رقم کی تفصیلات کب ملک کے سامنے رکھیں گے۔