بی جے پی نے سری نگر میں ترنگا ریلی نکالی

سری نگر، اگست۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں وکشمیر یونٹ نے جمعرات کو یہاں اپنے ہیڈ کوارٹر سے ترنگا ریلی نکالی جس میں پارٹی کے بعض اہم لیڈروں نے بھی شرکت کی۔ریلی میں شریک تمام شرکا نے اپنے ہاتھوں میں ترنگے اٹھا رکھے تھے۔اس موقع پر بی جے پی جموں و کشمیر یونٹ کے جنرل سکریٹری سنیل شرما نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس ریلی سے یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ آج کشمیر کے ہر بزرگ اور نوجوان کے ہاتھ میں ترنگا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ملک کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہم ترنگے کی حفاظت کے لئے خون دینے کے لئے تیار ہیں۔جموں وکشمیر وقف بورڈ کی چیئر پرسن ڈاکٹر درخشان انداربی نے کہا کہ یہ ہمارے لئے خوشی کا مقام ہے کہ ہمیں بھی ملک کے یوم آزادی کے موقعے پر ترنگا ہاتھ میں اٹھانے کا موقعہ نصیب ہوا۔انہوں نے کہا کہ یہ موقعہ ہمیں وزیر اعظم نریندر مودی کے بدولت نصیب ہوا جس کے لئے ہم ان کے مشکور ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جموں وکشمیر کے لوگ بھی والہانہ عشق کے ساتھ ترنگا ہاتھوں میں اٹھائیں گے جبکہ پہلے یہ موقعہ کچھ لوگوں کو ہی نصیب ہوتا تھا۔

Related Articles