جمائمہ کی ٹی۔ٹوئنٹی رینکنگ میں ٹاپ 10 میں واپسی
دوبئی، اگست ۔ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی نوجوان کھلاڑی جمائمہ روڈریگز دولت مشترکہ کھیل 2022 میں شاندار کارکردگی کے بعد آئی سی سی خواتین کی ٹی 20 رینکنگ کے ٹاپ 10 بلے بازوں میں شامل ہوگئی ہیں۔منگل کو جاری کردہ آئی سی سی کی تازہ ترین رینکنگ کے مطابق روڈریگوز 630 پوائنٹس کے ساتھ سات درجے ترقی کر کے 10ویں نمبر پر آگئی ہیں۔ انہوں نے برمنگھم 2022 میں ہندوستان کے لیے 146 رنز بنائے، جس سے اکتوبر 2021 کے بعد پہلی بار انہیں ٹاپ 10 میں شامل ہونے میں مدد ملی۔ اسمرتی مندھانا (چوتھی پوزیشن) اور شیفالی ورما (چھٹی پوزیشن) پہلے ہی ٹی۔ٹوئنٹی بلے بازوں میں ٹاپ 10 میں شامل ہیں۔ادھر آسٹریلیا کی بیتھ مونی نے اپنی ہم وطن میگ لیننگ کو پیچھے چھوڑ کر ٹاپ پوزیشن پر پہنچ گئی۔ مونی نے کامن ویلتھ گیمز کے فائنل میں ہندوستان کے خلاف 41 گیندوں پر 61 رنز بنائے تھے۔ اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان کے خلاف 70 اور نیوزی لینڈ کے خلاف 36 رنز کی اننگز کھیلی جس سے وہ 743 ریٹنگ کے ساتھ پہلی پوزیشن پر پہنچ گئی ہیں۔