نوپور شرما تنازع: سپریم کورٹ نے نویکا کو عبوری راحت دی

نئی دہلی، اگست۔سپریم کورٹ نے پیغمبر اسلام کے بارے میں معطل بھارتیہ جنتاپارٹی کی لیڈر نوپور شرما کے قابل اعتراض تبصرے کے معاملے میں ’ٹائمز ناؤ‘ کی اینکر نویکا کمار کو عبوری راحت دے دی۔انہیں اگلے احکامات تک تعزیری کارروائی سے استثنیٰ دے دیا گیا۔جسٹس کرشنا مراری اور جسٹس ہیما کوہلی کی بنچ نے نویکا کی درخواست پردہلی، مغربی بنگال اور دیگر ریاستوں کو اگلے احکامات تک کوئی تعزیری کارروائی نہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان ریاستوں کی پولیس کو دو ہفتوں کے اندر اپنا جواب دینے کو کہا جائے۔ ٹائمز ناؤ ٹی وی پر 26 مئی کو ایک مباحثے کے پروگرام کے دوران پیغمبر اسلام کے بارے میں بی جے پی کی ترجمان نوپور کے کیے گئے تبصروں پر ان کے علاوہ نویکا کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ یہ مقدمات کئی ریاستوں میں دائر کیے گئے تھے۔عدالت عظمیٰ نے پیغمبر اسلام کے بارے میں نوپور کی طرف سے کیے گئے ریمارکس پر درج کی گئیں ایف آئی آر میں مستقبل میں دائر دیگرمعاملات کے تعلق سے کسی بھی تعزیری کارروائی سے عبوری تحفظ فراہم کیا۔سپریم کورٹ نے 19 جولائی کو نوپور کو بھی ایسی ہی راحت دی تھی۔سینئر صحافی نویکا کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل مکل روہتگی نے دلیل دیتے ہوئے کہا کہ جو شو کی اینکرنگ کر رہے تھے، انہوں نے گیانواپی مسجد پر بحث کے دوران کوئی قابل اعتراض بات نہیں کہی تھی۔ حالانکہ ایک شریک نے کچھ کہا جس پر دوسرے نے جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ درحقیقت، انہوں نے (نویکا) یہ کہہ کر "آگ بجھائی تھی” کہ ہمیں آئین پر عمل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بیان دینے والی خاتون (نوپور) کو مختلف ایف آئی آر میں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ درخواست گزار کو کئی ریاستوں میں قانونی چارہ جوئی کا بھی سامنا ہے۔ نویکا کے وکیل نے کہا کہ میں اکیلے کولکاتہ میں پانچ یا چھ ایف آئی آر کا سامنا کر رہا ہوں۔ پہلی ایف آئی آر دہلی میں درج کی گئی تھی۔سپریم کورٹ نے یکم جولائی کو نوپور کی اسی طرح کی عرضی پر غور کرنے سے انکار کرتے ہوئے سخت تبصرہ کیاتھا۔ عدالت نے یہ کہتے ہوئے کہ ان کے تبصرے نے پورے ملک میں آگ لگا دی تھی، راحت دینے سے انکار کردیا۔شرما کو دہلی، مغربی بنگال، مہاراشٹر، جموں و کشمیر اور دیگر ریاستوں میں مقدمات کا سامنا کرنا پڑا۔

 

Related Articles