مڈل اسکول کی سطح پر زراعتی تعلیم کا آغاز ہونا چاہئے: مودی
نئی دہلی، وزیر اعظم نریندر مودی نے مڈل اسکول کی سطح پر زراعتی تعلیم کی شروعات پر زور دیتے ہوئے ہفتہ کے روز کہا کہ اس سے بچوں میں کاشتکاری کے بارے میں سائنسی فہم کو وسعت ملے گی اور زراعت سے متعلق کاروبار کی ترقی ہوگی۔
مسٹر نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بندیل کھنڈ میں واقع رانی لکشمی بائی سنٹرل زراعتی یونیورسٹی،جھانسی کی تعلیمی اور انتظامی عمارت کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مڈل اسکول کی سطح پر زراعتی تعلیم کے آغازہونے سے بچوں میں زراعت کی سائنسی سوچ میں اضافہ ہوگا اور ان کے خاندانوں کو زراعت سے متعلق کاروبار کی معلومات بھی دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ نئی تعلیمی پالیسی میں بہت ساری تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحقیق کے ساتھ زراعت کا براہ راست رشتہ ہے اور زراعت کو ٹیکنالوجی سے جوڑنے کیلئے مستقل کوششیں کی جارہی ہیں۔ زراعتی یونیورسٹیاں اس میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ نوجوان سائنسدانوں کو زراعت کے شعبے کی ترقی کے لئے پوری لگن سے کام کرنا چاہئے۔