کوچین شپ یارڈ نے دیسی طیارہ بردار جہاز وکرانت بحریہ کے حوالے کیا
نئی دہلی ،جولائی۔ ہندوستانی بحریہ کے لیے آج کا دن ایک تاریخی دن ہے۔ کوچین شپ یارڈ لمیٹڈ نے جمعرات کو ملک میں تیار کردہ پہلا طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس وکرانت کو بحریہ کے حوالے کر دیا۔آئی این ایس وکرانت اگلے مہینے قوم کو وقف کر دیا جائے گا جس کے بعد یہ بحریہ کی شان میں اضافہ کرے گا اور ملک کی سمندری سرحدوں کی نگرانی اور حفاظت کرے گا۔ بحریہ کے پاس دو طیارہ بردار بحری جہاز ہونے کی وجہ سے اس کی طاقت کے ساتھ ساتھ فائر پاور میں بھی اضافہ ہوگا۔ طیارہ بردار جہاز کے تمام ٹیسٹ حال ہی میں مکمل کئے گئے تھے۔ اس طیارہ بردار جہاز میں 76 فیصد سازوسامان دیسی ہے اور یہ خود انحصاری کی طرف بڑھنے والے ملک کے لیے ایک بڑی چھلانگ ہے۔ اس طیارہ بردار بحری جہاز کی تعمیر کے ساتھ ہی ہندوستان طیارہ بردار بحری جہاز بنانے کے قابل منتخب ممالک کے کلب میں شامل ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی یوم آزادی کے موقع پر وکرانت کو قوم کے نام وقف کریں گے جس کے بعد اسے بحریہ میں باضابطہ طور پر شامل کیا جائے گا۔ یہ بھی ایک اتفاق ہے کہ ملک کو یہ طیارہ بردار جہاز ایک ایسے وقت میں مل رہا ہے جب پورے ملک میں آزادی کے 75 سال مکمل ہونے کی یاد میں آزادی کا امرت مہوتسو منایا جا رہا ہے۔ وکرانت کی لمبائی 262 میٹر اور وزن 45 ہزار ٹن ہے۔ چار گیس ٹربائنز سے 88 میگاواٹ بجلی کے ساتھ یہ 28 کلومیٹر سمندری میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتا ہے۔ اسے بنانے میں تقریباً 20 ہزار کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔ طیارہ بردار بحری جہاز کی تعمیر فروری 2009 میں شروع ہوئی تھی۔ وکرانت سے 30 لڑاکا طیارے چلائے جائیں گے، جن میں مگ 29 کے، کاموف-31، ملٹی رول ہیلی کاپٹر ایم-60 آر، ملک میں تیار کردہ ایڈوانسڈ لائٹ ہیلی کاپٹر اور لائٹ ایڈوانسڈ کمبیٹ ایئر کرافٹ (بحریہ) شامل ہیں۔ کوچن شپ یارڈ لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر نے بحریہ اور شپ یارڈ کے سینئر افسران کی موجودگی میں متعلقہ دستاویزات بحریہ کے ہیڈکوارٹر کے نمائندے اور وکرانت کے کمانڈنگ آفیسر کو دستخط کے بعد سونپے۔ وکرانت کے ٹرائلز، جو گزشتہ سال اگست میں شروع ہوئے تھے، اس ماہ مکمل ہوئے ہیں۔