جوناتھن ٹراٹ افغانستان کےکوچ مقرر

کابل، جولائی ۔انگلینڈ کے سابق بلے باز جوناتھن ٹراٹ کو افغانستان کا نیا کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ افغانستان کرکٹ بورڈ نے جمعہ کو کہا کہ وہ اگست میں دورہ آئرلینڈ سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔ ٹراٹ نے 15-2009کے درمیان انگلینڈ کے لیے 52 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 44.08 کی اوسط سے 3835 رنز بنائے۔ انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 226 رنز کے بہترین اسکور کے ساتھ نو سنچریاں اور 19 نصف سنچریاں بھی اسکور کیں۔ ٹراٹ 68 ون ڈے میچوں میں انگلینڈ کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔ انہوں نے چار سنچریوں اور 22 نصف سنچریوں کی مدد سے 51.25 کی اوسط سے 2838 رنز بنائے ہیں۔ انگلش بلے باز ٹراٹ انگلینڈ کی انڈر 19 ٹیم کے بیٹنگ کوچ اور مینٹور رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران اسکاٹ لینڈ کے مشیر کا کردار بھی ادا کر چکے ہیں۔ ٹراٹ نے افغانستان کی کوچنگ کے لیے منتخب ہونے کے بعد کہا، “میں بین الاقوامی کرکٹ کی سب سے دلچسپ ٹیموں میں سے ایک کو سنبھالنے کا موقع ملنے پر فخر اور پرجوش ہوں۔ یہ ایک ٹیم کے طور پر ان کی ترقی کے لیے ایک اہم سال ہو گا۔ افغانستان کی ٹیم پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اگست میں آئرلینڈ روانہ ہوگی۔

 

Related Articles