امیت شاہ نے ملک کے لوگوں سے ‘ہر گھر ترنگا مہم میں شامل ہونے کی اپیل کی
نئی دہلی، جولائی۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ملک کے لوگوں سے آزادی کے امرت مہوتسو کے دوران اپنے گھروں پر ترنگا لہرا کر شروع کی گئی ‘ہر گھر ترنگا’ مہم میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔جمعہ کو ٹویٹس کی ایک سیریز میں مسٹر شاہ نے کہاکہ "ہمارا قومی پرچم ترنگا نہ صرف ملک کے ہر شہری کو اتحاد کے دھاگے میں پروتا ہے بلکہ ہم میں قوم کے تئیں عقیدت کے جذبے کو بھی مضبوط کرتا ہے۔ 22 جولائی 1947 کو ترنگے کی موجودہ شکل کو قومی پرچم کے طور پر اپنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ ’’ہر گھر ترنگا مہم آزادی کے اس امرت مہوتسو میں وزیر اعظم نریندر مودی نے شروع کیا ہے۔ اس مہم کے ساتھ پورے ملک میں تقریباً 20 کروڑ گھروں پر ترنگا لہرایا جائے گا، جو ہر شہری بالخصوص نوجوانوں کے ذہنوں میں حب الوطنی کے غیر منقسم شعلے کو مزید روشن کرنے کا کام کرے گا۔‘‘مسٹر شاہ نے کہاکہ ’’میں سبھی سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ 13 سے 15 اگست تک اپنے گھروں پر ترنگا لہرا کر اس مہم میں شامل ہوں۔ اس سے ہم اپنی نوجوان نسل میں ترنگے کے تئیں احترام اور وابستگی بڑھانے کے ساتھ ساتھ آزادی کے لیے لڑنے والے ہیروز کی قربانیوں کو انہیں بتاپائیں گے۔