خودکفیل ہندوستان کے لئے حکومت اورصنعت کاروں کو نئے راستے تلاش کرنے ہوں گے: راج ناتھ
نئی دہلی، وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے آج کہا ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والے سنگین چیلنج سے نمٹنے کے لئے حکومت اورصنعت کاروں کو مل کر ایسے طریقے وضع کرنے اور تلاش کرنے ہوں گے جس سے ملک خودکفیل بننے کے ساتھ ساتھ ساتھ عالمی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکے۔
مسٹر سنگھ نے آج یہاں معاشی تنظیم فکی، وزارت دفاع اور دفاعی صنعت کے ایک ویبنار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک آزادی کے بعد سے ہی مختلف سطح پر خودکفالت کے لئے کوششیں کرتا رہا ہے اور یہ ہماری روایت سے لے کر جدید سوچ میں موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ خودانحصاری اور خودکفالت ہمارے خوداعتمادی کی طاقت ہے اور ملک کی تمام اہم شخصیتوں اور حکومتوں نے اپنے اپنے انداز میں اس میں حصہ لیا ہے اور اس سمت میں کوششیں کیں ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ گزشتہ کچھ برسوں میں وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں حکومت نے خود کفالت پر خصوصی توجہ دی ہے۔ ہماری خود انحصاری اور سودیشی کی سوچ کو بین الاقوامی تجارت سے علیحدگی کی سمت میں نہیں دیکھا جانا چاہئے بلکہ ہندوستان پوری دنیا کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کے لئے خود انحصار ہونا چاہتا ہے۔
مسٹر راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہر ایک کو خود انحصار کرنے والے ہندوستان کے خواب اور اس کے لئے قومی سطح پر مہم کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ایک قومی عزم کا اظہار کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا کی وجہ سے نہ صرف ملک بلکہ دنیا ایک سنگین صورتحال سے دوچار ہے اور ہماری صنعت بھی اس سے مختلف نہیں ہے۔
فکی نے رواں مالی سال کے لئے جی ڈی پی شرح نمو منفی 4 اعشاریہ پانچ فیصد رہنے کا اندازہ لگایا ہے جو تشویشناک ہے۔ معاشرتی اور ثقافتی سطح پر بھی ایک بہت ہی عجیب و غریب صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور صنعت کو مشترکہ طور پر اس چیلنج سے نمٹنا ہوگا اور مل بیٹھ کر اس کے لئے نئے اقدامات اور نئے طریقہ کار وضع کرنے ہوں گے۔