یوگی کاشہید کو خراج عقیدت ،لواحقین کو 50 لاکھ روپئے کی مالی مدد
لکھنؤ:جولائی۔اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جموں ۔ کشمیر میں پیش آئے دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے فرخ آباد باشندہ سی آر پی ایف کے اے ایس آئی ونود کمار کی شجاعت اور بہادری کو سلام پیش کرتےہوئے انہیں جذباتی خراج عقیدت پیش کیا ۔وزیراعلیٰ نے شہید کے خاندان سے غمگساری کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت غم زدہ اہل خانہ کے ساتھ ہے انہوں نے لواحقین کے لئے 50 لاکھ روپئے کی مالی مدد کے اعلان کرتے ہوئے خاندان کے ایک فرد کو سرکاری نوکری دینے اور ضلع میں ایک سڑک کو شہید کے نام پر رکھنے کا بھی اعلان کیا ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ملک کی حفاظت کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے شہید ونود کمار کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت غم کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید کے خاندان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔