مہاراشٹر ایس ٹی بس سانحہ: راحتی کام جاری ،وزیراعلی شندے اور شیوراج چوہان سے تبادلہ خیال

ممبئی، جولائی ۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اپنے مدھیہ پردیش کے ہم منصب شیوراج سنگھ چوہان سے ٹیلی فون پرباات کی اور مدھیہ پردیش میں ایس ٹی بس سانحہ کے لیے بچاؤ اور امدادی کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا،جس میں کم از کم 13، مسافر ہلاک ہوئے اور تقریباً دو درجن ابھی تک لاپتہ ہیں،حکام کے مطابق پیر کو حادثہ پیش آیا ۔ ایکناتھ شندے نے جلگاؤں کلکٹر ابھیجیت راوت کو بھی ہدایت دی کہ وہ زخمیوں کو تمام طبی امداد فراہم کریں اور دیگر پہلوؤں جیسے متاثرین کی لاشیں لانے وغیرہ کے لیے ایم پی حکومت کے ساتھ رابطہ قائم کریں۔ وزیراعلیٰ نے لواحقین کے رشتہ داروں کے لیے 10 لاکھ روپے معاوضہ اور زخمیوں کے لیے مکمل طبی اخراجات کا بھی اعلان کیا ہے۔انہوں نے ضلعی حکام سے بھی کہا کہ وہ ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد مقتولین کی لاشیں ان کے لواحقین کے حوالے کریں۔نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس بھی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر جینت پاٹل جلگاؤں پہنچ رہے ہیں جبکہ کانگریس اور شیوسینا نے بھی اپنے کارکنوں سے امدادی کاموں میں مدد کرنے کو کہا ہے۔قائد حزب اختلاف اجیت پوار نے کہا کہ مسافروں میں جلگاؤں، پونے، نندوربار اور ریاست کے دیگر مقامات کے باشندے شامل ہیں، جب کہ اب تک 4 مرد اور 4 خواتین سمیت 8 ہلاکتوں کی لاشوں کی شناخت ہو چکی ہے۔ آج صبح تقریباً 10.15 بجے مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایم ایس ٹی آر سی) کی بس نمبر MH-40-N-9849، جو صبح 7.30 بجے اندور سے جلگاؤں کے املنیر کے لیے روانہ ہوئی، خلگھاٹ اور کے درمیان ایک پل پر نرمدا ندی میں گر گئی۔تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، اس سانحہ میں 13 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، تقریباً دو درجن لاپتہ ہیں یا سیلابی ندی کے پانی میں بہہ گئے ہیں، اس کے علاوہ کچھ زخمی ہیں، اور ایم پی پولس حادثے کی وجہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔اپنی طرف سے کلکٹر راوت نے مسافروں کے اہل خانہ کو معلومات فراہم کرنے کے لیے ایک کنٹرول روم شروع کیا ہے اور ٹیلی فون نمبرات فراہم کیے ہیں۔(ٹیلیفون: 02572-223180/02572-217193)

Related Articles