اورنگ آباد شہر کے نام کی تبدیلی کو مہاراشٹرا کابینہ نے دوبارہ منظوری دی
ممبئ ،جولائی ۔مہاراشٹرا کی نوزائیدہ ایکناتھ شندئے حکومت نے آج یہاں ریاست کے ثفاقتی شہر اورنگ آباد کا نام سمبھاجی نگر اور عثمان آباد کا نام دھاراشیو کے نام پر تبدیل کرنے اور نئی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے کا نام کسانوں کے لیڈر ڈی بی پاٹل کے نام پر رکھنے کی کابینہ نے منظوری دی۔واضح رہے کہ اس سے قبل سابقہ مہاوکاس اگھاڑی نے ان دونوں شہروں کے ناموں کی تبدیلی کا کابینہ میں فیصلہ کیا تھا لیکن اس کے بعد اقتدار میں تبدیلی عمل میں آئی اور ایکناتھ شندے نے وزارت اعلی کا عہدہ سنبھالا ۔آج ریاستی کابینہ کی تیسری میٹنگ کے بعد وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے مشترکہ طور پر یہ بیان جاری کیا کہ موجودہ حکومت 165 اراکین پر مشتمل ہے نیز 29 جون کو مہاوکاس اگھاڑی حکومت اقلیت میں آ گئی تھی اور اس نے ان شہروں کے ناموں کی تبدیلی کا جو کابینہ میں فیصلہ لیا تھا وہ غیر آئینی و غیر قانونی تھا لہذا اسے قانونی حیثیت دلانے کیلئے متذکرہ فیصلہ ریاستی کاببینہ میں لیا گیا ہے ۔اس موقع پر نائب وزیر اعلی فڈنویس نے اخبار نویسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اورنگ آباد کا نام سمبھاج نگر اور عثمان آباد کا نام دھاراشیو اور نوی ممبئی ہوائی اڈے کا نام ڈی بی پاٹل کے نام پر رکھنے سے متعلق ریاستی کابینہ میں ایک قرارداد پیش کرے گی اور اس کی منظوری کے بعد اسے مرکزی حکومت کو اس کی منظوری کے لیے بھیجا جائے گاموصولہ اطلاعات کے مطابق کابینہ نے ایم ایم آر ڈی اے کے 60, ہزار کروڑ روپے کے قرض کو منظوری بھی دی۔مزید برآں، ریاستی کابینہ نے میٹرو ریل نیٹ ورک، ممبئی ٹرانس ہاربر لنک سمیت متعدد ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر پروجیکٹوں کے نفاذ کے لیے ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایم ایم آر ڈی اے) کے ذریعےمانگے گئے 60, ہزار کروڑ روپے کے قرض کو بھی منظوری دی۔کابینہ کی میٹنگ میں شندے اور فڑنویس نے کابینہ میں توسیع، ریاست میں سیلاب کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔شندے اور فڈنویس دونوں نے کہا کہ کابینہ کی توسیع جلد ہی ہوگی، اپوزیشن کے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہ اس کی کمی کی وجہ سے حکومتی کام کاج متاثر ہو رہا ہے خاص طور پر جب مہاراشٹر کے کئی حصے شدید بارش اور سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم روزانہ جائزہ لے رہے ہیں اور ایسے علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ ضلع کلکٹروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر بھاری بارش اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا پنچنامہ کریں اور مدد فراہم کریں۔فڑنویس نے مہاراشٹر میں گرام پنچایتوں کے سرپنچوں اور نگر پنچایتوں اور نگر پریشدوں کے صدور کے براہ راست انتخاب کی تجویز دینے والے ریاستی حکومت کے فیصلے کا پرزور دفاع کیا۔