جموں و کشمیر میں موسلا دھار بارش، سڑکیں اور گلی کوچے زیر آب، کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال

سری نگر، وادی کشمیر میں گزشتہ دو دنوں سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے جس کی وجہ سے جہاں ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے وہیں سری نگر کی متعدد سڑکیں اور گلی کوچے زیر آب آچکے ہیں۔
یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار نے جمعرات کو شہر کے مختلف حصوں کا دورہ کرتے ہوئے بتایا کہ سڑکیں زیر آب ہیں اور گلی کوچوں میں بھی پانی جمع ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ ٹریفک کی نقل و حمل میں کوئی خلل واقع نہیں ہوا ہے تاہم راہگیروں کو چلنے پھرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
موصوف نے بتایا کہ ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کی سطح بڑھ رہی ہے تاہم ابھی خطرے کے نشان سے کافی کم ہی ہے۔


انہوں نے کہا کہ مسلسل موسلا دھار بارش کی وجہ سے بازاروں میں لوگوں کی بھیڑ میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات نے موسلا دھار بارش کی وجہ سے فلیش فلڈس آنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے پہاڑی علاقوں اور ندی نالوں کے متصل رہائش پذیر لوگوں سے احتیاط کرنے کی اپیل کی ہے۔
وادی کے بعض علاقوں میں پانی نے نالوں کی سرحدوں کو پھاند کر دھان کی فصلوں کا رخ کیا ہے جس سے فصل کو کافی نقصان پہنچا ہے۔
اطلاعات کے مطابق بعض علاقوں میں ندی نالوں میں فلیش فلڈ نے پلوں اور سڑکوں کو تباہ کر دیا ہے۔
دوسری جانب صوبہ جموں میں موسلا دھار بارش نے طغیانی جیسی صورتحال کو جنم دیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق جموں میں جہاں ندی نالوں کی سطح آب بڑھ گئی ہے وہیں سڑکیں اور گلی کوچے بھی نالوں کا منظر پیش کر رہے ہیں۔
کئی علاقوں میں مناسب ڈرینیج سسٹم نہ ہونے کی وجہ سے پانی سیدھے گھروں میں گھس آیا ہے جس سے مکینوں کا جینا دو بھر ہو گیا ہے۔
دریائے توی اور دیگر چھوٹے بڑے دریاؤں میں پانی کی سطح کافی بڑھ گئی ہے تاہم فی الوقت خطرے کے نشان کو عبور نہیں کیا ہے۔
خطہ پیر پنچال اور چناب وادی کے پانچوں اضلاع میں چند روز سے جاری بارش نے قہر ڈھایا ہے۔
اطلاعات کے مطابق کئی علاقوں میں پل ڈھہ گئے ہیں اور سڑکیں زیر آب ہیں۔
محکمہ موسمیات کے علاقائی ناظم سونم لوٹس نے یو این آئی اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جمعے کی صبح سے موسم میں بہتری آنا شروع ہوگی۔
انہوں نے کہا: ‘ہماری پیش گوئی کے عین مطابق بہت ساری جگہوں پر بارش ہو رہی ہے۔ موسم جمعے کی صبح سے ٹھیک ہونا شروع ہوگا۔ پھر بھی میں یہ کہنا چاہوں گا کہ موسم کا کوئی بھروسہ نہیں ہوتا ہے’۔
سونم لوٹس نے بتایا کہ موسلا دھار بارش کی وجہ سے فلیش فلڈ آسکتا ہے جس کے پیش نظر لوگوں کو احتیاط برتنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا: ‘برسات کا موسم چل رہا ہے۔ کبھی تیز تو کبھی ہلکی بارش ہوگی۔ میری لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ احتیاط برتیں۔ تیز بارش کی وجہ سے فلیش فلڈ آسکتا ہے۔ مسلسل بارشوں کی وجہ سے کچے مکانات گر بھی سکتے ہیں۔ پہاڑوں اور ندی نالوں کے کناروں پر رہنے والے لوگوں سے خاص اپیل ہے کہ وہ احتیاط کریں۔ ضرورت ڈرنے کی نہیں ہے بلکہ احتیاط برتنے کی ہے’۔
اس دوران وادی کشمیر کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر مٹی کے تودے گر آنے اور چٹانین کھسک آنے کی وجہ سے جمعرات کو مسلسل تیسرے دن بھی ٹریفک کی نقل وحمل معطل رہی۔ شمالی کشمیر میں 84 کلو میٹر طویل بانڈی پورہ – گریز روڈ پر مسلسل بارشوں کی وجہ سے پھسلن پیدا ہونے کے بعد اس پر جمعرات کو گاڑیوں کی آمد و رفت معطل کر دی گئی۔

Related Articles