وزیراعظم نے جھارکھنڈ کو 16 ہزار کروڑ روپے سے زائد کی اسکیموں کا تحفہ دیا ، دیوگھر ایئر پورٹ کیا افتتاح
دیوگھر ، جولائی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو دیوگھر میں 16 ہزار کروڑ سے زیادہ کی اسکیموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے آج دیوگھر ہوائی اڈے کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم مسٹرمودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جھارکھنڈ کو ہائی ویز، ریلوے، ہوائی راستوں اور آبی راستوں سے جوڑ کر ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کنیکٹیویٹی کے ساتھ ساتھ مرکزی حکومت ملک کے آستھا اور روحانیت سے متعلق اہم مقامات پر سہولتیں پیدا کرنے پر بھی زور دے رہی ہے۔ اس سے جھارکھنڈ کے جدید کنیکٹیویٹی، توانائی، صحت، آستھا اور سیاحت کو کافی تقویت ملنے والی ہے۔ مسٹر مودی نے کہا کہ ریاستوں کی ترقی سے قوم کی ترقی، ملک اسی سوچ کے ساتھ گزشتہ 8 سالوں سے کام کر رہا ہے۔ پچھلے 8 سالوں میں جھارکھنڈ کو ہائی ویز، ریلوے، ایئر ویز اور آبی راستوں سے جوڑنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مرکزی حکومت کی کوششوں کے ثمرات پورے ملک میں نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اڑان اسکیم کے تحت گزشتہ 5-6 سالوں میں ہوائی اڈوں، ہیلی پورٹ اور واٹر ایروڈوم کے ذریعے تقریباً 70 نئے مقامات کو شامل کیا گیا ہے۔ آج عام شہریوں کو 400 سے زائد نئے روٹس پر ہوائی سفر کی سہولت مل رہی ہے۔ بابا بید ناتھ دھام میں بھی پرساد اسکیم کے تحت جدید سہولیات کوفروغ دیا گیا ہے۔ پی ایم نے کہا- ہم سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور سب کا پریاس کے منتر پر عمل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کر کے ترقیکے، روزگار، خود روزگار کی نئی راہیں تلاش کی جارہی یں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دیوگھر میں ہوائی اڈے کی تعمیر سے خطے کے لاکھوں لوگوں کی زندگیاں آسان ہو ںگی۔ تجارت، کاروبار، سیاحت، روزگار، خود روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ ہوائی اڈے کے قیام سے کئی علاقوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا، مشرقی ہندوستان کی ترقی میں تیزی آئے گی۔ آج جن سڑک منصوبوںکی سوغات ملی ہے، ان میں 13 شاہراہوں کے منصوبے ملک کے رابطے میں اضافہ کریں گے۔ سڑکوں اور شاہراہوں میں اضافے سے جھارکھنڈ کی ترقی کے ساتھ پورے ملک کو فائدہ پہنچے گا، جھارکھنڈ کی صنعتی ترقی کا راستہ کھلا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہیں چار سال قبل دیوگھر ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کا موقع ملا، کورونا بحران کی مشکلات کے بعد تیزی سے کام ہوا، دیوگھر ایئرپورٹ سے ہر سال 5 لاکھ مسافروں کی آمدورفت ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج عام شہریوں کو 400 سے زیادہ راستوں پر ہوائی سفر کی سہولت مل رہی ہے، اڑان اسکیم کے تحت ایک کروڑ لوگوں نے بہت کم پیسوں میں ہوائی سفر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جھارکھنڈ میں آنے والے دنوں میں کنیکٹیوٹی بڑھنے والی ہے۔ بابا دھام میں بھی پرساد اسکیم کے تحت جدید سہولیات کو وسعت دی گئی ہے۔ مذہبی سیاحت کی ترقی سے لوگوں کو روزگار ملتا ہے، اس سے قبائلی اکثریتی علاقوں میں کافی فائدہ ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پائپ لائنوں کے ذریعے علاقے میں سستی گیس دستیاب ہوگی، دیگر صنعتوں کو بھی فائدہ ہوگا، معاشی ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔ بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کرکے ترقی کے راستے تلاش کیے جارہے ہیں، آکانشی اضلاع پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے، جھارکھنڈ کے کئی اضلاع کو بھی اس کا فائدہ مل رہا ہے۔ مرکزی حکومت پہاڑی اور جنگلاتی علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ایمس کی جدید سہولیات جھارکھنڈ کے ساتھ ساتھ بہار اور مغربی بنگال میں بھی دستیاب ہوں گی۔ ترقی کے متعدد مواقع بنتے ہیں، یہی صحیح ترقی ہے، ایسے ہی صحیح ترقی کو ساتھ لے کر آگے بڑھنا ہے۔ اس سے پہلے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے کہا کہ آج کا دن دیوگھر کے ساتھ ساتھ جھارکھنڈ کے لیے بھی ایک تاریخی دن ہے۔ 2010 میں دیکھا گیا خواب آج پورا ہوا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی بدولت آج خواب پورے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی ترقی کسی بھی ریاست یا قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ جھارکھنڈ میں بھی آبی شاہراہ بن کر تیار ہے، یہ وزیر اعظم کی کوششوں سے ممکن ہوا ہے، اس کے لیے وزیر اعظم کا شکریہ۔ اگر مرکزی حکومت کا تعاون رہے گا تو اگلے پانچ سات سالوں میں جھارکھنڈ ملک کی سرکردہ ریاستوں میں شامل رہے گا۔ مرکزی وزیر جیوتی رادتیہ سندھیا نے کہا کہ وزیر اعظم نے ہوائی اڈے کے قیام کے لیے پریبھاشا کو تبدیل کیا، جہاں بھی ہوائی اڈہ قائم ہوتا ہے، وہاں کی ترقی کی رفتار تیز ہوتی ہے۔ وزیراعظم نے مذہبی عقیدے کے مقام کو فضائی راستے سے جوڑنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی وزیر جیوترادتیہ سندھیا نے کہا کہ آج دیوگھر سے کولکاتہ تک ہوائی سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جلد ہی دیوگھر سے رانچی، دیوگھر سے پٹنہ اور دیوگھر سے دہلی ہوائی سروس شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جھارکھنڈ جلد ہی دو سے بڑھ کر پانچ ایئر پورٹ ہوںگے، اور مرکزی حکومت جلد ہی جھارکھنڈ کے بوکارو، دمکا اور جمشید پور ہوائی اڈوں کو بھی ترقی دے گی۔ ہوائی چپل پہننے والوں کو ہوائی جہاز کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر نشی کانت دوبے نے وزیر اعظم نریندر مودی کا دیوگھر پہنچنے پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سال 2014 کے بعد سے ان کے گڈا پارلیمانی حلقہ میں مرکزی حکومت کی طرف سے ایک لاکھ کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کو منظوری دی گئی ہے۔ اس کے لیے وہ وزیراعظم سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ ادھر وزیر اعظم نریندر مودی دیوگھر سے رانچی کوبھی کروڑوں روپے کی اسکیموں کے بھی تحفے دینے والے ہیں۔ رانچی میں آن لائن پروگرام میں ریاستی وزیر خزانہ ڈاکٹر رامیشور اوراؤں، ایم پی سنجے سیٹھ، مہوا مانجھی اور ایم ایل اے سی پی سنگھ سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں ۔