ممبر ممالک کے سفیروں کے فن لینڈ اور سویڈن کی نیٹو میں شمولیت کی دستاویز پر دستخط

برسلز،جولائی ۔ نیٹو کے ممبر ممالک کے سفیروں نے فن لینڈ اور سویڈن کی نیٹو میں شمولیت کیلئے ( Accession Protocol) الحاق کی دستاویز پر دستخط کر دیئے۔ دستخط کرنے کی یہ تقریب یورپین دارالحکومت برسلزمیں واقع نیٹو ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر فن لینڈ کے وزیر خارجہ پیکا ہاوسٹو اور سویڈن کی وزیر خارجہ آن لند بھی موجود تھیں۔ بعد ازاں دونوں وزرائے خارجہ کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیٹو سیکٹری جنرل یین سٹولٹنبرگ نے دونوں ممالک کو مبارکباد دی۔ انہوں نے آج کے دن کو نیٹو، دونوں ممالک اور اتحادی ممالک کی مشترکہ سلامتی کیلئے تاریخی لمحہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ہفتے میڈرڈ سمٹ میں اتحادی رہنماؤں نے ترکی، فن لینڈ اور سویڈن کے درمیان سہ فریقی معاہدے پر دستخط کے بعد دونوں ممالک کو نیٹو میں شمولیت کی دعوت دینے پر اتفاق کیا تھا۔ اب اس فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے الحاق کی دستاویز پر بھی باقاعدہ دستخط کر دیئے گئے ہیں۔ نیٹو سیکٹری جنرل نے کہا کہ نیٹو کے دروازے ان تمام یورپین جمہوریتوں کیلئے کھلے ہیں جو ہماری مشترکہ سلامتی میں حصہ ڈالنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت جب ہمیں دہائیوں کے وقفے کے بعد ایک تحفظ کے بحران اور ایک بڑی مشکل کا سامنا ہے، ایسے میں نیٹو کی بڑی ٹیبل کے اردگرد موجود 32 اقوام کے ساتھ ہم اور ہمارے لوگ پہلے سے زیادہ محفوظ اور مضبوط ہونگے۔

Related Articles