منی پور لینڈ سلائیڈنگ: مودی نے مرکز سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی
نئی دہلی، جون۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے منی پور کے وزیر اعلی این بیرن سنگھ سے بات کی ہے اور انہیں لینڈ سلائیڈنگ حادثے کے پیش نظرمرکز کی طرف سے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ہے۔ جمعرات کو ایک ٹویٹ میں مسٹر مودی نے کہا، ’’منی پور کے وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ سے بات کی اور لینڈ سلائیڈنگ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔ مرکز کی طرف سے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا گیا ہے۔ میں تمام متاثرین کی حفاظت کے لئے دعاگوہوں۔ سوگوار خاندانوں سے میری تعزیت۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا۔ قابل ذکر ہے کہ منی پور کے نونی ضلع میں بدھ کی آدھی رات کو ہونے والے خوفناک لینڈ سلائیڈ میں کئی علاقائی فوج کے جوان دب گئے۔ اس حادثے میں دو علاقائی فوج کے اہلکاروں سمیت آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ریسکیو ٹیموں نے 23 افراد کو بچا لیا ہے جب کہ 50 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ موقع پر پہنچ گئے ہیں اور بچاؤ آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ فوج، آسام رائفلز، منی پور پولیس اور مقامی لوگوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر بچاؤاورراحت کا کام کیا جا رہا ہے۔