اگنی پتھ اسکیم ملک کی سلامتی کے لیے بھی مہلک : دہلی کانگریس
نئی دہلی، ، جون ۔ دہلی ریاستی کانگریس نے فوج میں بھرتی کے لیے اگنی پتھ اسکیم کو نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملک کی سلامتی کے لیے بھی خطرناک ہے۔دہلی ریاستی کانگریس کے سینئر ترجمان ڈاکٹر نریش کمار نے پیر کو یہاں منڈکا ودھان سبھا حلقہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں کے لاکھوں نوجوان فوج میں بھرتی ہو کر ملک کی خدمت کرنے کا خواب دیکھتے ہیں، لیکن حکومت نے فوج کی نوکری صرف چار برس کے لئے کردی ہے اور یہ ملک کی سلامتی اور ملک کے نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ ملک کی سلامتی کو اولین ترجیح دی ہے۔ پارٹی ملک کے ان داتا کسان کے مفادات کے لیے کام کرتی ہے۔ سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری نے 1960 کی دہائی میں ’جئے جوان جئے کسان‘ کا نعرہ دے کر ان دونوں طبقوں کے لیے اپنے احترام کا اظہار کیا تھا، لیکن آج مودی حکومت نے پہلے کسانوں کے مفادات کے خلاف کالے قوانین بنائے اور جب ان کی سخت مخالفت کی گئی تو انہیں واپس لے لیا۔ترجمان نے کہا کہ یہ حیران کن ہے کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے فوج میں چار سالہ بھرتی کے منصوبے کو درست قرار دیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ان کا کوئی بیٹا فوج میں ہے؟ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر کسی بی جے پی لیڈر کا بیٹا فوج میں نہیں ہے تو ایسے لوگ ملک کی خدمت کا کیا مطلب سمجھیں گے۔