کانگریس اجلاس تک سونیا بنی رہیں گی عبوری صدر

نئی دہلی، کانگریس ورکنگ کمیٹی نے پارٹی صدر سونیا گاندھی کو اگلا صدر منتخب کرنے تک عہدے پر برقرار رہنے کا فیصلہ کیا ہے کانگریس ذرائع کے مطابق میٹنگ آج صبح ساڑھے گیارہ بجے کے بعد شروع ہوئی جس میں سب سے پہلے سابق وزیراعظم من موہن سنگھ نے محترمہ گاندھی سے عہدے پر برقرار رہنے کی اپیل کی۔ اس کے بعد دیگر کئی اہم لیڈروں نے ڈاکٹر سنگھ کی حمایت کرتے ہوئے محترمہ گاندھی سے عہدہ نہ چھوڑنے کی اپیل کی۔

ورکنگ کمیٹی کی شام ساڑھے چھ بجے تک چلی میٹنگ کے بعد پارٹی کےایک سینئر لیڈر نے کہا کہ پارٹی کا الیکشن کرانے اور صدر منتخب کئے جانے تک محترمہ گاندھی سے عہدے پر برقرار رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔ میٹنگ کے دوران لیڈر بدلنے کے سلسلے میں محترمہ گاندھی کو لکھے گئے سینئر لیڈروں کے خط پر کافی وقت تک بحث چلتی رہی اور کئی رہنماؤں نے اس سلسلے میں اپنی بات بھی رکھی۔

واضح رہے کہ محترمہ گاندھی نے 23 سینئر رہنماؤں کی قیادت بدلنے کے سلسلے میں کل ملے خط کے بعد عہدہ چھوڑنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ اس کے پیش نظر میٹنگ میں بحث ہونے کا پہلے ہی اندازہ لگایا جارہا تھا۔ اس دوران خبریں آئیں کے خط لکھنے میں اہم کردار ادا کرنے والے پارٹی رہنما غلام نبی آزاد اور مسٹر راہل گاندھی کے درمیان بھارتیہ جنتا پارٹی کی شہ پر مبینہ طورپر خط لکھے جانے کے سلسلے میں بحث ہوئی لیکن بعد میں مسٹر آزاد نے ٹویٹ کرکے وضاحت دی کہ مسٹر گاندھی نے ان سے کچھ بھی ایسا نہیں کہاہے۔

 

Related Articles