آسام: سابق وزیر نے نوپور شرما اور نوین جندال کے خلاف درج کرائی ایف آئی آر
گوہاٹی، جون۔آسام کے سابق وزیر عطا الرحمان مزاربھوئیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے معطل لیڈر نوپور شرما اور نوین کمار جندال کے خلاف مسلم کمیونٹی کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے پر ایف آئی آر درج کرائی ہے۔کٹیگورہ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ سابق ایم ایل اے نے پولیس سے ان سیاست دانوں کے خلاف تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی سخت دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کو کہا ہے۔مسٹر مزاربھوئیا نے کہا ’’ان دو لوگوں نے جان بوجھ کر سماج میں ایک خاص کمیونٹی کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ ان کے خلاف ملک کے موجودہ قانون کی بنیاد پر سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔واضح رہے کہ حال ہی میں ایک قومی ٹیلی ویژن چینل پر بحث کے دوران نوپور شرما نے مبینہ طور پر پیغمبر اسلام کے خلاف توہین آمیز تبصرہ کیا تھا جس کے بعد ان سے پارٹی کی بنیادی رکنیت چھین لی گئی تھی۔ اس معاملے پر ہندوستان سمیت دنیا کے کئی مسلم ممالک میں تشدد پھوٹ پڑا۔ابھی کچھ دن پہلے ہی آسام کے کاچھر ضلع میں نوپور شرما کے پتلے جلائے گئے تھے۔ بگڑتے ہوئے ماحول کو دیکھتے ہوئے ریاستی انتظامیہ نے وادی بارک کے تمام اضلاع میں سی آر پی سی کی دفعہ 144 نافذ کر دی تھی۔