کنبہ پروری کے چیلنجز سے محتاط رہنے کی ضرورت:مودی
کانپور دیہات:جون۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو کہا کہ یہ جمہوریت کی طاقت ہی ہے کہ گاؤں کے ایک غریب خانوادے میں پیدا ہونے والا شخص صدرجمہوریہ، وزیر اعظم اور وزیر اعلی بن سکتا ہے۔ لیکن ہمیں کنبہ پروری کے چیلنجز سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔صدرجمہوریہ کے آبائی گاؤں پرونکھ گاؤں پہنچنے کے بعد ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا’یہ جمہوریت کی ہی طاقت ہے کہ گاؤں میں ایک غریب خاندان میں پیدا ہونے والا عام آدمی صدرجمہوریہ، وزیر اعظم، گورنر اور وزیر اعلی بن سکتا ہے لیکن آج جب ہم جمہوریت کی اس طاقت پر تبادلہ خیال کررہے ہیں توہمارے سامنے کھڑے کنبہ پروری کے چیلنج سے بھی محتاط رہنے کی ضرورت ہے ۔اس موقع پر صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند، خاتون اول سویتا کوند، اترپردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ خاص طور سے موجود رہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کنبہ پروری نہ صرف سیاست بلکہ ہر شعبے میں صلاحیتوں کا گلا گھونٹتی ہے اور ان کے آگے بڑھنے میں مانع ہے۔جب میں کنبہ پروری کے بارے میں بات کرتا ہوں تو کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ ایک سیاسی بیان بازی ہے اور ایسا مشتہر کیا جاتا ہے کہ میں کسی سیاسی پارٹی کے خلاف بات کررہاہوں۔مودی نے کہا’میں دیکھ سکتا ہوں کہ جو لوگ میری کنبہ پروری کی تعریف میں مکمل طور سے فٹ بیٹھتے ہیں وہ مجھ سے ناراض ہیں۔ وہ ملک کے کونے کونے میں میرے خلاف متحد ہورہے ہیں۔وہ لوگ اس حقیقت سے بھی ناراض ہیں کہ ملک کا نوجوان کنبہ پروری کے نام پر مودی کو اتنی سنجیدگی سے لے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں ایسے تمام افراد کویہ بتا دینا چاہتا ہوں کہ وہ اس کا غلط معنی نہ نکالیں۔ میرا کسی سیاسی پارٹی یا شخص سے کوئی دشمنی یا جھگڑا نہیں ہے۔ میری خواہش ہے کہ ملک میں جمہوریت پرمبنی مضبوط اپوزیشن ہو۔میری اتنی سے تمنا ہے کہ جو پارٹیاں کنبہ پروری کی چنگل میں پھنسی ہیں وہ خود کو اس سے آزاد کریں اور وہ خود کا علاج کریں۔تبھی ہندوستان کی جمہوریت مضبوط ہوگی اور ملک کے نوجوانوں کو سیاست میں زیادہ سے زیادہ مواقع مل سکیں گے۔مودی نے کہا’ ممکن ہے کہ میں ان پارٹیوں سے زیادہ کی توقع کررہا ہوں اس لئے میں آپ تمام کے درمیان کہہ رہاہوں کہ یہ ہم تمام کی ذمہ داری ہے کہ ملک میں کنبہ پروری جیسے قبیحہ برائی کو پنپنے نہ دیں۔ یہ کافی ضروری ہے کہ خاندانی سیاسی پارٹیوں کو روکا جائے تاکہ گاؤں کے رہنے والے غریبوں کے بیٹی۔بیٹوں کو صدرجمہوریہ اور وزیر اعظم بننے کا موقع مل سکے۔