آسٹریلوی کوچ اینڈریو میکڈونالڈ کورونا سے متاثر

میلبورن، یکم جون۔ آسٹریلیا کے ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونالڈ کوروناسے متاثر پائے گئے ہیں، جس کی وجہ سے وہ سری لنکا کے دورے کے پہلے ہفتے تک ٹیم کے ساتھ موجود نہیں ہوں گے۔ میکڈونالڈ آسٹریلوی ٹیم کے ساتھ جڑنے سے پہلے سات دن کی آئیسولیشن مدت مکمل کریں گے۔ توقع ہے کہ وہ 8 جون کو ہونے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی سے قبل ٹیم کے ساتھ جڑجائیں گے۔ دورے کے ابتدائی دنوں میں ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ مائیکل ڈی وینیٹو ان کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ اسپن کوچ ایس سریرام اور کلنٹ میکائے بھی ٹی 20 اورون ڈے سیریز میں کوچنگ اسٹاف کا حصہ ہیں۔ دورہ سری لنکا میکڈونلڈ کے لئے آسٹریلیا کا کل وقتی کوچ مقررہونے کے بعد پہلا دورہ ہے۔ جسٹن لینگر کے جانے کے بعد وہ بطورعبوری کوچ آسٹریلیائی دستے کے ساتھ جڑے تھے، جس کے بعد وہ قومی ٹیم کے ساتھ پاکستان کے دورے پر چلے گئے تھے۔نئے تعینات ہونے والے اسسٹنٹ کوچز ڈینیل ویٹوری اور آندرے بورووچ ٹیسٹ سیریز کے دوران میکڈونالڈ کے ساتھ کام کریں گے۔ بورووچ آسٹریلیا اے کوبھی اسی دورے پر کوچ کریں گے۔ جس میں دو ون ڈے اور دو چار روزہ مقابلےشامل ہیں۔ سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 7 جون کو کولمبو میں ہوگا۔ جہاں لگاتار دو ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جائیں گے۔ آسٹریلیائی دستہ جمعرات کو کولمبو میں جمع ہونے والا ہے۔

Related Articles