بین الاقوامی یوگا کی مرکزی تقریب میسور میں منعقد ہوگی
نئی دہلی، مئی۔رواں سال کے بین الاقوامی یوم یوگا کی مرکزی تقریب جنوبی ہندوستان کے تاریخی اور ثقافتی شہر میسور میں منعقد ہوگی جس کی قیادت وزیر اعظم نریندر مودی کریں گے۔
پیر کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں یہ معلومات دیتے ہوئے آیوش کے وزیر سربانند سونووال نے کہا کہ 21 جون کو وزیر اعظم کی قیادت میں میسور میں بین الاقوامی یوگا ڈے کی مرکزی تقریب منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ریاستی حکومتوں کو اس تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مرکزی حکومت کی تمام وزارتوں اور محکموں کے نمائندے بھی اس تقریب میں شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال یوگا کے عالمی دن کی عالمی تقریبات کا آغاز طلوع آفتاب کے ملک جاپان سے ہوگا اور اختتام نیوزی لینڈ میں ہوگا۔ ان کا اہتمام متعلقہ ملک کے ہندوستانی سفارت خانے کریں گے۔مسٹر سونووال نے کہا کہ آزادی کے امرت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سال 75 دن پہلے سے یوگا کے انعقاد کی الٹی گنتی شروع کردی گئی تھی۔ اس کے تحت حیدرآباد میں 25 ویں کاونٹ ڈاون میں یوگا مشق کا انعقاد کیا جائے گا جس میں 10 ہزار سے زیادہ لوگ حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال سے بین الاقوامی یوگا ڈے کے انعقاد کے ذریعے 25 کروڑ سے زیادہ لوگوں کو جوڑنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔