دہلی-این سی آر میں بارش کے سبب درجہ حرارت میں کمی

نئی دہلی،  مئی۔قومی دارالحکومت اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں پیر کی صبح گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں 11 ڈگری سیلسیس کی کمی واقع ہوئی۔ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق، پیر کی صبح 5:40 بجے سے صبح 7 بجے تک قومی دارالحکومت کے درجہ حرارت میں 11 ڈگری سیلسیس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران درجہ حرارت 29 ڈگری سے کم ہو کر 18 ڈگری سیلسیس ہوگیا۔اطلاعات کے مطابق دہلی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کی وجہ سے بجلی گل ہوگئی اور شہرکے متعدد حصوں میں سڑک پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک متاثر ہوا۔دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل (آئی جی آئی) ہوائی اڈے پربھی موسم کے بدلے مزاج نے پروازوں کومتاثر کیا۔محکمہ موسمیات نے پوری دہلی اور این سی آر (لونی دیہات، ہنڈن ایئر فورس اسٹیشن، بہادر گڑھ، غازی آباد، اندرا پورم، چھپرولا، نوئیڈا، دادری، گریٹر نوئیڈا، گروگرام) کے مضافات میں تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی تھی۔محکمہ نے پیر کو ہماچل پردیش اور پنجاب کے مختلف حصوں میں ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ نے کہا کہ ہریانہ-چنڈی گڑھ-دہلی میں پیر کو بارش ہوئی اور محکمہ نے جموں و کشمیر اور شمالی پنجاب کے مختلف حصوں میں 23 مئی کو بھاری بارش کی پیش گوئی کی ہے۔قابل ذکر ہے کہ پیر کی صبح 5.30 بجے شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 23.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے تین درجے کم ہے۔آئی ایم ڈی کے مطابق، پیر کو دارالحکومت کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔ اتوار کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے ایک ڈگری کم 39.3 ریکارڈ کیا گیاتھا۔

Related Articles