اتر پردیش میں سڑک حادثے میں نو ہلاک، مودی نے مالی اعانت کا اعلان کیا
نئی دہلی، مئی۔اتر پردیش کے سدھارتھ نگر میں سڑک حادثے میں لوگوں کی موت پر غم کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو جان گنوانے والوں کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا۔مسٹر مودی نے ٹویٹ کیا، ’’اتر پردیش کے سدھارتھ نگر میں سڑک حادثہ انتہائی دردناک ہے۔ میری تعزیت سوگوار خاندان کے افراد کے ساتھ ہے۔ ایشور ان کو یہ ناقابل برداشت صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔ میں تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔‘علاوہ ازیں وزیراعظم آفس نے حادثے میں جانیں گنوانے والوں کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے معاوضے کا اعلان کیا۔وزیر اعظم کے دفتر نے ٹویٹ کیا، وزیر اعظم نریندر مودی نے اتر پردیش کے سدھارتھ نگر میں سڑک حادثے میں جان گنوانے والوں کے لواحقین کے لیے پی ایم این آر ایف سے ہر ایک کو 2 لاکھ روپے کی مالی اعانت دینے کا اعلان کیا ہے۔ زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔اتر پردیش کے سدھارتھ نگر ضلع میں نیشنل ہائی وے 28 پر ایک بولیرو کے 11 لوگوں کو لے کر کھڑے ٹرک سے ٹکرا جانے سے نو افراد ہلاک ہو گئے۔ دیگر دو افراد شدید زخمی ہیں۔اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی سڑک حادثے میں لوگوں کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو زخمیوں کا مناسب علاج یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔