پیپر لیک معاملے میں اپوزیشن سیاست کر رہی ہے: جے رام ٹھاکر
شملہ، مئی۔ہماچل پردیش کے وزیر اعلی جے رام ٹھاکر نے کہا ہے کہ اپوزیشن پہلے پیپر لیک معاملے میں مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) سے جانچ کا مطالبہ کر رہی تھی، جب انہوں نے سی بی آئی جانچ کا حکم دے دیا تو اب عدالتی تحقیقات کا مطالبہ یہ سراسر سیاست ہے اور کچھ نہیں۔ ٹھاکر نے آج یہاں میڈیا کو بتایا کہ پولیس بھرتی پیپر لیک معاملے میں اب تک 70 سے زیادہ لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے، لیکن کسی پولیس افسر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی یہ معاملہ حکومت کے علم میں آیا اس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ایس آئی ٹی تشکیل دے کر تحقیقات میں تیزی لائی گئی اور گرفتاریاں کی گئیں۔ اگر کوئی پولیس افسر بھی اس کیس میں ملوث ہوا تو اسے بھی نہیں بخشا جائے گا۔ مسٹر ٹھاکر نے کہا کہ ریاستی حکومت نے جانچ سی بی آئی کو سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سی بی آئی نے ابھی تک اس معاملے کو اپنے ہاتھ میں نہیں لیا ہے۔ جب تک سی بی آئی اس معاملے کو اپنے ہاتھ میں نہیں لیتی، ایس آئی ٹی ریاست میں معاملے کی جانچ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کیس کی تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔