یوپی میں ای-ودھان سسٹم کا آغاز
لکھنؤ، مئی۔ لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے جمعہ کے روز اتر پردیش میں ای- ودھان سسٹم کا افتتاح کیا ۔ اس کے ساتھ ہی اتر پردیش ملک کی دوسری ریاست بن گئی ہے جہاں اسمبلی کی کارروائی پیپر لیس ہوگی ۔ اس سے قبل ناگالینڈ میں ای- ودھان سسٹم لاگو کیا گیا تھا۔ مسٹربرلا نے یہاں اسمبلی سیکرٹریٹ میں 18ویں اسمبلی کے اراکین کے تربیتی پروگرام اور ای -ودھان سسٹم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اسمبلی اسپیکر ستیش مہانا کے علاوہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ ، اپوزیشن لیڈر اکھلیش یادو اور پارلیمانی امورکے وزیرسریش کھنہ موجود تھے ۔ یوگی حکومت کی دوسری میعاد میں 23 مئی سے شروع ہونے والی اسمبلی کا پہلا بجٹ سیشن ڈیجیٹل ہائی ٹیک ہوگا۔ اس موقع پرمسٹر برلا نے کہا کہ بامعنی بحث کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے نعرے بازی اور ہنگامہ آرائی کے بجائے ایوان میں معقول بات چیت کے ذریعے اراکین کو اپنی رکھنی چاہیے ۔ ای اسمبلی نظام کے تربیتی پروگرام میں اسپیکر نے کہا کہ مقننہ کا بنیادی کام قانون سازی ہے اور اس کے لیے ایوان میں دلائل کے ساتھ بحث ہونی چاہیے ۔ بات چیت جتنی زیادہ بامعنی ہوگی، حکومت کو عوامی مفاد کی اسکیموں کے نفاذ میں اتنی ہی زیادہ مدد ملے گی ۔ ارکان کے طرز عمل سے ایوان کے وقار کا تعین ہوتا ہے ۔ ملک کے بڑے لیڈر اسمبلیوں سے نکلے ہیں اور وہ دلائل کے ذریعے ہی اپنی بات رکھتے ہیں ۔