دھرمیندرپردھان نے تمام ہندوستانی زبانوں کوترجیح دینے پر وزیراعظم کاشکریہ اداکیا

نئی دہلی ،مئی۔مرکزی وزیرتعلیم دھرمیندرپردھان نے تمام ہندوستانی زبانوں کوترجیح دینے اور ہماری متحرک لسانی روایات کو عزیر رکھنے کے عزم کےلیے وزیراعظم نریندرمودی کا شکریہ اداکیا۔مسٹر دھرمیندرپردھان نے آج ایک ٹوئیٹ میں کہاکہ ’’تمام ہندوستانی زبانوں کوترجیح دینے اورہماری متحرک لسانی روایات کوعزیررکھنے کےلیے وزیراعظم کا شکریہ ۔‘‘ زبان سے متعلق ملک میں جاری تنازع پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) تمام ہندوستانی زبانوں کو ہندوستانیت کی روح تصورکرتی ہے۔آج جے پور میں بی جے پی کے قومی عہدیداروں کی ایک میٹنگ سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہا، ’’ گزشتہ کچھ دنوں میں، ہم نے دیکھا ہے کہ زبانوں پر تنازعات کو ہوا دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ہمیں لوگوں کو اس سے بیدار کرنے کی ضرورت ہے ۔ بی جے پی ہر علاقائی زبان میں ہندوستانی ثقافت کا عکس دیکھتی ہے اور ملک کے بہتر مستقبل کےلیے اسے ایک رابطہ تصورکرتی ہے۔‘‘وزیراعظم نے مزید کہا، ’’ یہ بی جے پی ہی ہے جس نے پہلی بار ہندوستان کی ثقافت اور زبانوں کو ملک کی عزت ووقار سے جوڑا ہے۔ نئی تعلیمی پالیسی (این ای پی) میں ہم علاقائی زبانوں کو اہمیت دے رہے ہیں۔ یہ ہر علاقائی زبان کے ساتھ ہماری وابستگی کا مظہر ہے۔‘‘

Related Articles