یوگا ملک کا عظیم ترین ورثہ : راجناتھ
نئی دہلی، مئی۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے یوگا کو ملک کا عظیم ترین ورثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ زندگی میں نئی توانائی پیدا کرتا ہے۔مسٹر سنگھ نے عالمی یوم یوگا21 جون سے پہلے وزارت دفاع کی طرف سے جمعرات کو یہاں منعقدہ یوگا مشق پروگرام میں شرکت کی اور مختلف آسن کئے ۔ ان کے ساتھ وزیر مملکت برائے دفاع اجے بھٹ، مالیاتی مشیر (دفاعی خدمات) سنجے متل، ڈائریکٹر جنرل ڈیفنس اسٹیٹس اجئے کمار شرما، وزارت دفاع کے سینئر افسران اور عام لوگ بھی تھے۔وزیر دفاع نے اس موقع پر کہا کہ صدیوں سے چلا آرہا یوگا ہندوستان کا سب سے بڑا ورثہ ہے ، جو لوگوں کی زندگیوں میں نئی توانائی پیدا کرتا ہے اورانہیں اپنے اور فطرت سے جوڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا ’’یوگا من کو قابومیں رکھتا ہے اور اسے صحت مند بناتا ہے ۔ وہ فرائض کی انجام دہی میں بہتری لاتا ہے۔ یوگا صرف ایک مخصوص وقت پر کی جانے والی مشق نہیں ہے، بلکہ اس کے پیچھے دلیل یہ ہے کہ یہ روزمرہ کے کاموں کو مستعدی اور چوکسی کے ساتھ مکمل کرنے کی طاقت اور تحریک دیتا ہے ۔ یوگا ہمارے خیالات، علم، صلاحت اور لگن کو مضبوط کرتا ہے ‘‘۔ مسٹرسنگھ نے یوگا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر اور مختلف امراض سے نجات پانے کا راستہ ہے ، کیونکہ یوگا کیونکہ یوگا اندرونی کشمکش اور تناؤ سے نجات دلاتا ہے ۔ انہوں نے کووڈ – 19 وباء کا مقابلہ کرنے میں قوت مدافعت بڑھانے کے لیے یوگا اور پرانایام کے انمول تعاون پر بھی روشنی ڈالی ۔وزیردفاع نے ستمبر 2014 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیر اعظم نریندرمودی کے اس بیان کا حوالہ دیا ، جب انہوں نے بین الاقوامی برادری سے یوگا کا عالمی دن منانے کی اپیل کی تھی ۔ انہوں نے کہا تھا کہ یوگا بغیر کسی قیمت کے اچھی صحت کی ضمانت ہے۔ وزیر دفاع نے اس بات کی تعریف کی ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے یوگا کو صحت اور تندرستی کے بنیادی تصور کے طور پر تسلیم کیا ۔ مسٹرسنگھ نے کہا کہ جب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 21 جون کو یوگا کا عالمی دن منانے کی تجویز کو متفقہ طور پر قبول کیا ہے، تب سے ہی مسلح افواج، ہندوستانی کوسٹ گارڈ، ڈیفنس پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگس اور وزارت دفاع کے تمام محکمے پورے جوش و خروش کے ساتھ اس ان تقریبات میں حصہ لیتے ہیں ۔ اس کے لیے انہوں نے تمام فورسز اور محکموں کی تعریف کی ۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ایک خوشگوار اور متوازن زندگی کی خواہش کو پورا کرنے کے لیے یوگا کریں ۔