آسام: سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد آٹھ، چار لاکھ افراد متاثر
گوہاٹی، مئی۔آسام میں سیلاب نے تباہی مچا رکھی ہے۔ ریاست میں مرنے والوں کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے جب کہ چار لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق سیلاب سے 403352 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ریاست میں قائم 178 ریسکیو کیمپوں میں 3749 بچوں سمیت کل 39558 افراد مقیم ہیں۔ ادلگوری ضلع میں منگل کو ایک شخص کی موت ہوگئی۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں سیلاب میں مرنے والوں کی تعداد آٹھ ہو گئی، جب کہ ناگون ضلع میں ایک شخص لاپتہ ہو گیا۔اس دوران چیف سکریٹری کے آڈیٹوریم میں دیما ہساؤ، ہوجائی، کیچھار اور دیگر اضلاع کی حالیہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک جائزہ میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ اس میٹنگ میں آسام کے چیف سکریٹری جشنو بروا نے کئی فیصلے لیے۔نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ گوہاٹی اور ہاپلانگ کے درمیان سڑک کو فوری طور پر بحال کرے تاکہ دیما ہساؤ ضلع میں ضروری سامان کی فراہمی ممکن ہو سکے۔ ہندوستانی فضائیہ سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ چاول، دالیں اور ادویات جیسی ضروری اشیاءدیما ہساؤ ضلع میں لے جائیں۔ ایئر فورس کی مدد سے 35 ریلوے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو بھی نیو ہاپلنگ ریلوے اسٹیشن پر پھنسے ہوئے مسافروں کے ساتھ بچایا جائے گا۔بی ایس این ایل کو کمیونیکیشن نیٹ ورک کو بحال کرنے کو کہا گیا ہے۔ آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ضلع میں ہونے والے نقصانات کا پتہ لگانے کے لیے ڈرون اور سیٹلائٹ ڈیٹا کا بھی استعمال کرے گی۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست کے 26 اضلاع میں 4,03,352 لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ ان تمام متاثرہ علاقوں میں 89 ریلیف کیمپ اور امدادی تقسیم کے مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ان ریلیف کیمپوں میں کل 39,558 لوگ رہ رہے ہیں۔