ملک کشمیری پنڈتوں کی سلامتی کے بارے میں فکر مند : کیجریوال

نئی دہلی، مئی۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کشمیری سرکاری ملازم راہل بھٹ کے قتل پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پیر کو کہا کہ ملک کشمیری پنڈتوں کی حفاظت کے لئے فکر مند ہے۔ مسٹر کیجریوال نے کہا کہ کشمیر ان کا گھر ہے۔ کشمیری پنڈتوں کے مظاہرے پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال غلط ہے۔ یہ وقت سیاست کرنے کا نہیں، کشمیری پنڈتوں کو تحفظ فراہم کرنے کا ہے۔ مرکزی حکومت کو ان کی حفاظت کے انتظامات کرنے چاہئیں۔ کشمیری پنڈت کشمیر میں سیکورٹی چاہتے ہیں لیکن راہل بھٹ کے قتل نے انہیں خوفزدہ کر دیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ پر ناراضگی کا اظہار کررہے لوگوں پر لاٹھیاں برسانے اور آنسو گیس پھینکنے والے افسران کو فوری طور پر برطرف کیا جائے۔ اگر کشمیر میں رہنے والوں کو وہاں سیکورٹی نہیں ملے گی تو ملک کے دوسرے حصوں میں رہنے والے کشمیری پنڈت کس بھروسے پر واپس آکر وہاں رہنے کی سوچیں گے۔ ہم سب کو ملک کی مختلف ریاستوں میں آباد کشمیری پنڈتوں کی حفاظت اور بحالی کے لیے مل کر کام کرنا ہے۔ آج ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’کچھ دن پہلے کشمیر میں ایک سرکاری ملازم راہل بھٹ جی کو قتل کر دیا گیا۔ کچھ دہشت گرد ان کے دفتر گئے، ان کا نام پوچھا اور گولی مار دی۔ ایسا لگتا ہے کہ وہ یہ سوچ کر آئے تھے کہ صرف ایک کشمیری پنڈت کو نشانہ بنانا ہے۔ ہماری فوج نے 24 گھنٹوں کے اندر دو دہشت گردوں کو تلاش کرکے مار گرایا۔ لیکن آج پورا ملک پریشان ہے کہ کشمیر میں آج بھی کشمیری پنڈت کیوں محفوظ نہیں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ بہت سارے کشمیری پنڈت نوجوانوں کو وہاں خصوصی پیکیج کے تحت ملازمتوں کے لیے بھیجا گیا تھا۔ یہ لوگ وہاں امن سے رہنا چاہتے تھے۔ یہ ان کا گھر ہے، وہ وہاں آباد ہونا چاہتے ہیں اور اپنے بچوں کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں لیکن اس حادثے کے بعد وہاں رہنے والے تمام کشمیری پنڈت خوفزدہ ہیں۔ اے اے پی کے قومی کنوینر نے کہاکہ میں مرکزی حکومت سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ کشمیری پنڈتوں کو کشمیر میں واپس بسانے کے لیے جو بھی حفاظتی انتظامات کرنے پڑیں وہ کرے۔ اس کے لیے جتنی بھی رقم خرچ کرنی ہے وہ خرچ کی جائے اور مظاہرہ کرنے والے کشمیری پنڈتوں پر لاٹھی نہ چلائی جائے۔ ہمیں انہیں گلے لگانا ہے۔ وہ ہمارے اپنے ہیں۔ ان پر آنسو گیس کے گولے نہ چھوڑیں۔ دہشت گردوں اور ملک دشمنوں کو سمجھ لینا چاہئے کہ اگر انہوں نے کشمیری پنڈتوں کی طرف غلط نیت سے بھی دیکھا تو ہندستان انہیں نہیں بخشے گا۔ آج کشمیری پنڈت ملک کی مختلف ریاستوں میں آباد ہیں، وہ دہلی میں بھی ہیں۔ ان کی حفاظت اور بحالی کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے۔ پوری قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

 

Related Articles