کووڈ-19 کے بہانے غیر ملکی میڈیکل کالج کے طلبہ کو عارضی رجسٹریشن نہیں دینے کا فیصلہ درست: سپریم کورٹ

نئی دہلی، اپریل۔سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز کہا کہ کووڈ کے بہانے غیر ملکی میڈیکل کالجوں کے طلبہ کو عارضی رجسٹریشن نہ دینے کا نیشنل میڈیکل کمیشن (این ایم سی) کا فیصلہ درست ہے۔عدالت عظمیٰ نے این ایم سی کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہندوستان کے بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والے میڈیکل کے طلبہ کو ملک کے میڈیکل کالجوں میں طبی تربیت دینے کے لیے دو ماہ کے اندر ایک منصوبہ تیار کرے۔بنچ نے یہ بھی واضح کیا کہ کووڈ-19 کے بہانے، پڑھائی اور تربیت کی مکمل مدت پوری کیے بغیر عارضی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ نہیں دیا جا سکتا ہے۔جسٹس ہیمنت گپتا اور جسٹس وی رام سبرامنیم کی بنچ نے کہا کہ یہ سچ ہے کہ عالمی وباء کی وجہ سے طلبہ کی پڑھائی متاثر ہوئی ہے۔ اس لیے ان کے لیے یہاں تربیت کا انتظام کیا جائے لیکن مناسب تربیت کے بغیر رجسٹریشن سرٹیفکیٹ دینا شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے کے مترادف ہوگا۔

Related Articles